ان شاء اللہ 17جولائی کو ملتان سمیت پنجاب بھر کی 20نشستوں پر بلے کو کامیابی ملے گی۔ مخدومزادہ زین قریشی
ان شاء اللہ 17جولائی کو ملتان سمیت پنجاب بھر کی 20نشستوں پر بلے کو کامیابی ملے گی۔
عمران خان جلد الیکشن کمپین کے سلسلے میں ملتان آئینگیں۔مخدومزادہ زین قریشی
چار امیدواروں کا مخدومزادہ زین قریشی کے حق میں دستبرداری کا اعلان
ملتان(سوسائٹی نیوز )
پاکستان تحریک کے رہنما و پی پی 217 سے امیدوار صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آج ظالمانہ بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ جسے عوام مسترد کردیں گے۔ پی پی 217 کا ضمنی الیکشن اصل میں دو نظریات کی جنگ ہے۔ جس کے لئے پارٹی قیادت کی ہدایت پر میں نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انشاء اللہ 17 جولائی کو ملتان سمیت پنجاب کی 20 نشستوں پر بلے کو کامیابی ملے گی۔ جس سے نہ صرف حمزہ شہباز بلکہ شہباز شریف کی حکومت کا بھی دھڑن تختہ ہوگا۔ عمران خان بہت جلد الیکشن کمپین کے سلسلے میں ملتان آئیں گے۔ اور بڑے جلسے عام سے خطاب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے باب القریش میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کیا۔ جس میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک‘ پی پی 217 کے امیدوار میاں جمیل احمد‘ رانا عبدالجبار کے علاوہ حاجی جاوید اختر انصاری‘ حاجی سلیم اختر لابر‘ معین ریاض قریشی‘ ملک عدنان ڈوگر‘ اعجاز جنجوعہ‘ خالد جاوید وڑائچ‘ واصف مظہر راں‘ نواب عامر خان بادوزئی‘ راجہ عبدالغفار‘ رضوان عابد تھہیم‘ شہباز قریشی‘ شیخ مظہر عباس سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔
مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ انشاء اللہ ملک میں ایک بار پھر عمران خان کے نظریہ اور بیانیہ کی حکومت ہوگی۔ کیونکہ وہ پاکستان کو ایک خود مختیار اور با وقار ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ جس سے نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہوگا۔ موجودہ حکمران جو مہنگائی ختم کرنے کا ڈرامہ رچا کر بیرونی سازش کے ذریعے اقتدار آئے تھے آج خوداس قدر مہنگائی کر چکے ہیں کہ عوام خود کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے نیب کے ادارے کو کھوکھلا کر دیا ہے اور اسے اینٹی کرپشن کی طرز پر بے وقت کررہے ہیں۔
مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ پی پی 217 کے الیکشن میں سرکاری مشینری کے استعمال کا آغاز کردیا گیا ہے۔میں ملتان انتظامیہ کو اور پنجاب کی انتظامیہ کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ ضمنی الیکشن میں مداخلت سے باز رہیں۔ اوراس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔ اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ الیکشن قوائد و ضوابط کے مطابق ہوں اور کسی بھی انتظامی مشینری کے استعمال کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا میرے مدمقابل امیدوار نے تحریک انصاف میں عمران خان کی پیٹھ پر چھرا گھونپا اور تحریک انصاف سے اپنے مفادات کی خاطر بے وفائی کی۔عوام انہیں عمران خان سے بے وفائی پر مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا 2018 میں پاکستان نے عوام نے عمران خان کو بھر پور مینڈیٹ دیا۔ ہمارا مینڈیٹ ایک سازش کے تحت چوری کیا گیا۔ پاکستان کی عوام آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کا چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی 217 کے عوام باشعور ہیں وہ حکمرانوں کی چالوں کو سمجھتے ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف جمہوری اقتدار کو فروغ دے رہی ہے۔ ہم جمہوری اقتدار میں رہتے ہوئے الیکشن لڑیں گے۔ اور اگر کسی نے غیر آئینی حرکت کرنے کی کوشش کی اور نقص امن کا مسئلہ پیدا کیا ہو تو ہمیں بھر پور جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے مد مقابل امیدوار الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلقے میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ جس بھی حلقے میں الیکشن ہوں وہاں ترقیاتی کام نہیں کروائے جاسکتے اور نہ ہی سرکاری تبادلے کئے جا سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ میں این اے 157 سے بھاری اکثریت سے قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا تھا اور پی پی 217 میرے لئے نیا حلقہ نہیں کیونکہ این اے 157کی ساڑھے پانچ یونین کونسلیں اس حلقے میں شامل ہیں اور میں پہلے بھی اس حلقے میں کمپین کر چکا ہوں۔ ہم میدان میں مقابلہ کرنے والے لوگ ہیں۔ ہر یونین کونسل میں تحریک انصاف کے کوارڈینیٹرز کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ایک سسٹم کے تحت الیکشن لڑیں گے جس کی ملتان کی تاریخ میں مثال نہیں ہوگی۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا بلاول بھٹو‘مریم نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کی حکومت کے دوران مہنگائی مارچ کئے۔ اور ان کا دعویٰ تھا کہ ہم بہت تجربہ کار لوگ ہیں اور میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ یہ وہ تجربہ کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے کا اضافہ اور جبکہ آٹا‘ گھی‘ دالو ں‘ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے۔ اور آج مفتاح اسماعیل جو بجٹ پیش کریں گے اسے حکومت کی نا اہلی قوم کے سامنے واضح ہو جائے گی۔ موجودہ حکومت بجٹ میں مزید مہنگائی کریگی۔ جس کے خلاف عمران خان تحریک کی کال بھی دیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا عمران خان دنیا کے واحد لیڈر ہیں جنہیں اقتدار سے الگ ہونے کے بعد عوام نے بھر پور پذیرائی دی اور دنیا نے ان کے بیانیہ کو تسلیم کیا۔ امپورٹڈ حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھا دیا ہے عوام خون کے آنسو اور خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ علی پور میں ایک خاندان کی خودکشی انتہائی افسوس ناک ہے۔ خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ پی پی 217 میں مخدومزداہ زین حسین قریشی کے مد مقابل امیدوار کو الیکشن کمیشن نے دو مرتبہ نااہل کرکے ڈی سیٹ کیا اب انہیں الیکشن لڑنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔
پی پی 217 ضمنی الیکشن:میاں جمیل، رانا عبدالجبار،شیخ طاہر حمید اور ظہور بھٹہ نے مخدومزادہ زین قریشی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کر دیا
ملتان( سوسائٹی نیوز )
صوبائی حلقہ پی پی 217 سے ضمنی الیکشن کیلئے چار امیدواروں نے تحریک انصاف کے امیدوار مخدومزادہ زین حسین قریشی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں سابق تحصیل ناظم میاں جمیل احمد‘ سابق چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار‘ سابق چیئرمین وزیراعلیٰ شکایات سیل شیخ طاہر حمید اور ملک ظہور بھٹہ شامل ہیں۔
اس سلسلے میں میاں جمیل احمد اور رانا عبدالجبار نے مخدومزادہ زین حسین قریشی کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ہم تحریک انصاف کے کارکن ہیں اور عمران خان و مخدوم شاہ محمود قریشی سمیت پارٹی قیادت کے بیانیہ کی ترویج چاہتے ہیں۔ ہمارا مقصد نشستیں حاصل کرنا نہیں۔ پارٹی کو کامیاب کروانا ہے۔ اسی لئے ہم نے قیادت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے مخدومزادہ زین حسین قریشی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی 217 ہمارا اپنا حلقہ ہے اور اس حلقے میں 17جولائی کو مخدومزادہ زین حسین قریشی بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ ہم اس حلقے میں کسی کو بھی دھاندلی یا ہنگامی آرائی کی اجازت نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف کا ہر کارکن مخدومزادہ زین حسین قریشی کے ساتھ ہے اور ان کا بازو بن کر انہیں کامیاب کروائیں گے۔
اس موقع پر طاہر حمید‘ ظہور بھٹہ کے صاحبزدگان بھی موجود تھے جنہوں نے مخدومزادہ زین حسین قریشی کو مکمل یقین دہانی کروائی۔
مخدومزادہ زین حسین قریشی نے سابق تحصیل ناظم میاں جمیل احمد‘ سابق چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار‘ سابق چیئرمین وزیراعلیٰ شکایات سیل شیخ طاہر حمید اور ملک ظہور بھٹہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے میرے حق میں الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے ہر کارکن قابل احترام ہے۔ اور میں پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو فراموش نہیں کرسکتا۔