آسٹریلیا کی باؤنسی پچز پر میرا رول انتہائی اہم ہوگا، محمد عرفان
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سکواڈ میں شمولیت کے خواہاں
لاہور (سوسائٹی نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے دراز قامد فاسٹ بولر محمد عرفان نے آسٹریلیا میں رواں سال کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی سکواڈ میں واپسی پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔ مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا کہ قومی ٹیم میں واپسی کےلیے سخت محنت کررہا ہوں جب کہ فٹنس مسائل پر بھی کافی حد تک قابو پالیا ہے جب کہ باسکٹ بال ٹریننگ بھی کررہا ہوں۔محمد عرفان نے کہا کہ آسٹریلیا کی باؤنسی پچز پر میرا رول انتہائی اہم ہوگا، اس لیے کوشش کررہا ہوں کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل خود کو 100 فیصد فٹ کرکے سکواڈ میں واپسی کروں۔ واضح رہے کہ محمد عرفان نے 2019ء میں آسٹریلیا کیخلاف آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا، انہوں نے 60 ون ڈے، 4 ٹیسٹ اور 22 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
