اپنے اردگرد کا ماحول صاف رکھیں اور ڈینگی سے محفوظ رہیں۔ عطاء الحق
اپنے اردگرد کا ماحول صاف رکھیں اور ڈینگی سے بچیں۔عطاء الحق ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ساوتھ پنجاب
ملتان ( سوسائٹی نیوز )
حکومت پنجاب کی ہدایات پر ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا، انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر ڈینگی سے بچاؤ اور انسداد ڈینگی کی احتیاطی تدابیر بارے عوامی شعور و ٓگہی بیدار کرنے کے لیے آگاہی واک اور سمینار کا اہتمام کیا گیا۔ آگاہی واک اور سمینار کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب عطاء الحق نے کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ انسداد ڈینگی واک کا مقصد عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے کہ ڈینگی خطرناک ضرور ہے مگر احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر اس سے بچا جا سکتا ہے۔
اس لیے آپ سے اپیل کی جاتی ہے کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور ڈینگی سے محفوظ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق اس دن کو منانے کے لیے جنوبی پنجاب کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے اور سکولوں میں کلاس رومز، واش رومز، چھتوں اور دیگر جگہوں پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب کی درستی اور گملوں وغیرہ میں پانی کی موجودگی کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے مزید کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کی دوران تعلیمی اداروں میں صفائی اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے۔ آگاہی واک اور سمینار میں ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن انصر سیال اور ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، شاہد ملک، محمد فیصل شہزاد سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور اہل کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔