بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں پیپلز بس سروس کا افتتاح
بلاول بھٹو کا کراچی میں پیپلز بس سروس کا افتتاح،
بلاول بھٹو زرداری نے شارع فیصل پر بس میں سفر کیا اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا،
آج بسوں کا ماڈل کالونی تا ٹاور روٹ پر آغاز ہوگیا، مجموعی طور پر کراچی میں سات روٹس پر 240 بسیں چلائی جائیں گی۔
کراچی ( سوسائٹی نیوز)
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے شہریوں کیلئے پیپلز بس سروس کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن ، وزیر محنت سعید غنی و دیگر وزراء اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی بھی موجود تھے ۔ آواری ٹاور کے قریب افتتاح کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شارع فیصل پر بس میں سفر کیا اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
آج پیپلز بس سروس کے روٹ ون کا آغاز ہوگیا ہے ، جوکہ ماڈل کالونی سے ٹاور تک 29.5 کلومیٹر طویل ہے ، جس پر شہریوں کی سہولت کے لیے 38 اسٹیشن بنائے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے تحت کراچی میں 240 بسیں چلائی جائیں گی ۔ جس کے لئے سات روٹس منظور کئے گئے ہیں ۔
آج روٹ ون کے افتتاح کے بعد ہر دس دن کے بعد نئے روٹ کا آغاز کیا جائے گا ۔ چھ دیگر روٹس میں روٹ ٹو۔ نارتھ کراچی تا انڈس ہاسپٹل براستہ نیپا ، شاہ فیصل کالونی 32.9 کلومیٹر ہے جو کہ 30 اسٹیشن پر مشتمل ہے ۔ روٹ تھری۔ ناگن چورنگی تا سنگر چورنگی براستہ انڈا موڑ ، نارتھ ناظم آباد ، لیاقت آباد ، نیشنل اسٹیڈیم ، ایف ٹی سی بلڈنگ 33 کلومیٹر 30 اسٹیشن، روٹ فور ۔ موسمیات تا ڈاکیارڈ وایا گلزار ھجری 25 کلو میٹر 30 اسٹیشن، روٹ فائیو ۔ سرجانی ٹو مسرور 28.2 کلومیٹر 30 اسٹیشن، روٹ سکس ۔ گلشن بھار اورنگی تا سنگر چورنگی 29.6 کلومیٹر 30 اسٹیشن اور روٹ سیون موسمیات تا بلدیہ ٹاؤن 28.4 کلومیٹر 47 اسٹیشن پر مشتمل ہے ۔
پیپلز بس سروس کا کرایہ 25 سے 50 روپے ہوگا ۔ پیپلز بس سروس کی 120 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں ، جس میں سے 10 بسیں لاڑکانہ کے لئے ہیں ۔ مزید 130 بسیں جلد کراچی پہنچنے والی ہیں ۔