crossorigin="anonymous"> حکومت کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بحال کرنے کا فیصلہ - societynewspk

حکومت کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بحال کرنے کا فیصلہ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام احساس رکھنے کا کوئی جواز تک نہیں، صرف بغض کی وجہ سے بی آئی ایس پی کا نام احساس رکھا گیا

اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)
وفاقی وزیر شازیہ مری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بینظیر کے نام کی وجہ سے پروگرام کا نام احساس رکھا، بغیر کسی قانونی عمل کے احساس پروگرام کیسے کہا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام احساس رکھنے کا کوئی جواز تک نہیں، صرف بغض کی وجہ سے بی آئی ایس پی کا نام احساس رکھا گیا تھا
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی پروگرام بینظیر کے نام سے منسلک تھا اور انہیں کے نام سے منسلک رہے گا، احساس لفظ کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی غریب خواتین اور گھرانوں کے لیے ہے اور یہ پروگرام جاری رہے گا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق پایا جانے والا ابہام ختم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مستحق لوگوں تک پروگرام پہنچانا ہماری ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو سماجی تحفظ کے اپنے فلیگ شپ پروگرام احساس میں تبدیل کردیا تھا۔
اس سے قبل 2018 میں پی ٹی آئی کی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو سے بینظیر بھٹو کی تصویر ہٹادی تھی، جس کی پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے شدید مذمت کی تھی۔
گزشتہ برس ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ احساس پروگرام کی کوئی قانونی یا آئینی حیثیت نہیں ہے کیوں کہ حکومت کو بی آئی ایس پی کو احساس میں تبدیل کرنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے جو پارلیمنٹ کے ذریعے متعارف کروایا گیا تھا۔
پی ٹی آئی حکومت کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام بی آئی ایس پی سے زیادہ بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے جس کے 37 عناصر ہیں۔
بی آئی ایس پی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا تھا کہ احساس پروگرام وزارت تخفیف غربت کے سماجی تحفظ ڈویژن کے تحت چلایا جارہا ہے۔
عہدیدار نے کہا تھا کہ بی آئی ایس پی ملک کا واحد سماجی تحفظ کا پروگرام ہے جس کو آئینی تحفظ حاصل ہے اس لیے احساس سے متعلق سرکاری خط و کتابت بی آئی ایس پی کے لیٹر ہیڈز سے ہی کی جاتی ہے۔
بی آئی ایس پی کو سال 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے مشورے پر متعارف کروایا تھا۔
یہ پروگرام سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے، جس کے تحت بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ غریب گھرانوں کو ماہانہ 2 ہزار روپے دیئے جاتے تھے لیکن پی ٹی آئی حکومت سے اسے بڑھا کر 3 ہزار روپے کردیا تھا۔
مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button