crossorigin="anonymous"> حکومت کی جنوبی پنجاب صوبہ قرارداد محض دکھاوا،راو عبدالقیوم - societynewspk

حکومت کی جنوبی پنجاب صوبہ قرارداد محض دکھاوا،راو عبدالقیوم

عوام کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے،سو دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ کرنے والوں نے ساڑھے تین سال میں کچھ نہیں کیا
خطہ ملتان کے عوام موجودہ حکومت کو کبھی معاف نہیں کریں گے،ملتان کے مخدوم مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں۔
تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم کا جنوبی پنجاب صوبہ قرارداد پر ردعمل
ملتان( سوسائٹی نیوز)
تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پہلے 100 دنوں میں صوبہ بنا دیں گے، مگر آج ساڑھے تین سال بعد جب حکومت ختم ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے تو انہیں صوبے کے مروڑ اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔قومی اسمبلی میں صوبے کی قرارداد پیش کرنے والے ملتان کے مخدوم ساڑھے تین سال سے کہتے چلے آرہے ہیں کہ پارلیمنٹ میں ہماری اکثریت نہیں ہے لہذا صوبہ نہیں بن سکتا،مگر جب پارلیمنٹ میں انکی اکثریت واقعی کم ہوگئی ہے تو انہیں صوبے کی قرارداد یاد آگئی۔ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کی جنوبی پنجاب صوبہ قرارداد محض دکھاوا اورعوام کے جذبات سے کھیلنا ہے،مگر اب اس خطے کی باشعور عوام کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔صوبے کے نام پر دھوکہ دینے والی حکومت کو خطہ ملتان کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ملتان کے مخدوم حکومت کے خاتمے پر صوبے کے حوالے سے مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں۔تاریخ کے صفحات گواہ ہیں کہ جس حکمران نے بھی اس خطے کے غیور عوام سے صوبے کے نام پر دھوکہ کیا،اس کو ذلت و رسوائی سے کوئی نہیں بچا سکا۔موجودہ حکمرانوں نے بھی اس خطے کے عوام کے جذبات کا مذاق

اڑایا ہے۔وہ وقت دور نہیں جب یہ حکمران بھی نشان عبرت بن کر خطہ ملتان کی عوام کی عدالت میں کھڑے ہونگے۔
اس خطے کے عوام آئندہ انتخابات میں صوبے کے نام پر دھوکہ کرنے والے سیاستدانوں کو مسترد کردیں گے۔اگر عوام متحد ہو کر ان سیاستدانوں کو بائیکاٹ کر دیں تو کسی سیاسی مفاد پرست کو صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکانے کی جرات نہ ہو۔تحریک صوبہ ملتان اس خطے کو انتظامی بنیادوں پر صوبہ ملتان بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،اور خطے کے عوام کو ان کا حق دلا کر رہے گی۔

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button