سابق چیئرمین نیب نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کی طلبی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

سابق چیئرمین نیب نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے طلبی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)
سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے طلب کیے جانے کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہائیکورٹ بارکے صدر شعیب شاہین کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سات جولائی کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میٹنگ منٹس غیرقانونی قرار دئیےجائیں۔
ان کا مطالبہ ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میٹنگ منٹس کے تناظر میں دیئے گئے احکامات کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔
درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو درخواست گزار کےخلاف کوئی تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔
سابق چیئرمین نیب کی درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قومی اسمبلی، سیکریٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں طیبہ گل نامی خاتون نے سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد پر ہراسانی اور غیر اخلاقی رویے کے الزامات عائد کیے تھے جس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔