crossorigin="anonymous"> ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی شکست کی وجہ سامنے آ گئی - societynewspk

ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی شکست کی وجہ سامنے آ گئی

ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی شکست کی وجہ سامنے آگئی

 

لاہور(سوسائٹی نیوز)

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ لیگی کارکنوں کی جانب سے منحرف اراکین کو دل سے قبول نہ کرنا ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی شکست کی وجہ بنا ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب اور اعظم نذیر تارڑ شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایاز صادق، ملک احمد خان، عطااللہ تارڑ، سلمان رفیق، اویس لغاری، رانا مشہود اور دیگر بھی شریک تھے۔

 

ذرائع کیمطابق اجلاس میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست کی وجوہات پر غور کیا گیا، اجلاس کے دوران ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست پر رانا ثنااللہ نے تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں ہر حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا۔

 

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حلقوں میں لیگی کارکنوں نے منحرف اراکین کو دل سے قبول نہیں کیا، جبکہ پارٹی عہدیداروں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور بلدیاتی نمائندوں نے بھی جیت کیلئے جان نہیں لڑائی۔

 

ذرائع کیمطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی انتہائی شرح نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ن لیگ کی پنجاب میں شکست میں بنیادی کردار ادا کیا، ضمنی انتخابات سے 2 روز قبل پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ نہیں ہوا، عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو رد کرکے مخالفت میں ووٹ دئیے۔

 

خیال رہے کہ ن لیگ نے ضمنی الیکشن کی 20 سیٹوں میں سے 19 پر تحریک انصاف کے منحرف ہوجانے والے ارکان کو ٹکٹ دیے تھے، صرف لاہور کی نشست پی پی 158 پر ن لیگ نے کارکن احسن شرافت کو ٹکٹ دیا تھا۔

 

پی پی 158 میں لیگی کارکن کو ٹکٹ ملنے کی وجہ سابق وزیر صوبائی علیم خان کی جانب سے خالی نشست پر الیکشن لڑنے سے انکار بنا تھا۔

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button