موٹروے ایم 5 پر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم،20 افراد جاں بحق ،6زخمی

موٹروے ایم 5 پر بس اور آئل ٹینکر کے تصادم میں 20افراد جاں بحق
حادثہ ملتان سکھر موٹروے ایم 5پر جھانگڑہ اور جلالپور انٹر چینج کے درمیان پیش آیا،
بس لاہور سے کراچی جا رہی تھی
ملتان/اوچ شریف/جلالپور پیروالا(سوسائٹی نیوز)
موٹر وے ایم 5 پر تیز رفتار مسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی ، حادثہ کے بعد آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی اور بس کو لپیٹ میں لے لیا ، 20 مسافر جاں بحق ہو گئے ، آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور ہیلپر بھی جاں بحق ہونیوالے میں شامل ہیں، مسافر بس میں 26 افراد سوار تھے، انتہائی افسوسناک حادثہ ملتان سکھر موٹر وے ایم 5 پر جھانگڑہ اور جلال پور انٹر چینج کے درمیان پیش آیا ، لاشیں جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہیں ، بس لاہور سے کراچی جارہی تھی ، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے،

موٹروے ایم فائیو پر بس اور آئل ٹینکر کے حادثہ میں بس اور آئل ٹینکر کو آگ لگ گئی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کیطرف سے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے کثیر تعداد میں افسران اور جوان مسافروں کی مدد کے لئے مصروف عمل رہے۔
ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شاہد جاوید نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ریسکیو آپریشن ہائی ویز اینڈموٹر وے پولیس کی طرف سے نو مسافروں کو بس میں سے نکال لیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کمشنر عامر خٹک ،ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو اور سی پی او خرم شہزاد جائے حادثہ پر پہنچ گئے
ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بھرپور ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
حادتے کے شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق المناک حادتے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوئے ۔نشتر ہسپتال اور جلالپور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
نشتر ہسپتال میں حادثے کے زخمیوں کا علاج و معالجہ فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو اور سی پی او خرم شہزاد نے نشتر ہسپتال ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے جلالپور حادثے کے زخمیوں سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر نے نشتر ہسپتال انتظامیہ کو بھرپور علاج و معالجہ کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے حادثے کے زخمیوں کی بھرپور کفالت کی ہدایت کی ہے۔جاں بحق مسافروں کی شناخت اور لواحقین کی تلاش کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ لاشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
لاہور (سوسائٹی نیوز)
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کا جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت
زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے انتظامیہ کو ہدایت کر دی۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کمشنر ملتان سے المناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا جلال پور کے قریب بس اور ٹرالر کے المناک حادثہ پر اظہار افسوس
ملتان (سوسائٹی نیوز)
مخدوم شاہ محمود قریشی نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان انتظامیہ کو حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی بھرپور امداد اور حادثے میں زخمیوں کو بہترین اور فوری طبی امداد کی ہدایت کی۔
ملتان (سوسائٹی نیوز)
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفرنے موٹر وے پر ہونیوالے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حادثے میں جھلس جانیوالے مسافروں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے حادثے میں جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے بھی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ملتان (سوسائٹی نیوز)
پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار این اے 156 و پی پی 217 ملک ارشد اقبال بھٹہ نے موٹر وے پر ہونیوالے المناک حادثے پر جاں بحق ہونیوالے مسافروں کے لواحقین سے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔
ملک ارشد اقبال بھٹہ نے حادثے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت کی ہے۔
ملتان موٹروے پر ہولناک حادثہ ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف سمیت سیاسی رہنماؤں نے ملتان سکھر موٹروے پر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک حادثے پر اظہار افسوس کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،اللہ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر عطا فرمائے۔
جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے ۔ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 16, 2022
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ملتان کے قریب ایم 5 پر بس حادثے میں قیمتیں جانیں ضائع ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق 20 افراد کے لیے دعا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی ملتان سکھر موٹر وے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئےکہا کہ 20 جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور حادثے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیےدعاگو ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی سکھر کے قریب مسافر بس کے حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کمشنر سکھر کو زخمی ہونیوالوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کردی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
یاد رہے ملتان کے قریب موٹر وے ایم فائیو پر رات گئے آئل ٹینکر اور مسافربس میں خوفناک تصادم ہوا، جس کے بعد زورداردھماکا ہوا اور پھر رات کی تاریکی میں ہر طرف آگ اور دھواں چھا گیا۔
المناک حادثےمیں بیس افرادجاں بحق ہوگئے اور چھ شدید زخمی حالت میں نشتراسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کےمطابق حادثےکاشکار مسافربس لاہورسےکراچی جارہی تھی، موٹروے پولیس نے بتایا کہ المناک حادثے میں بیشتر مسافروں کو بس سے نکلنے کاموقع ہی نہیں ملا، بس کو کاٹ کرلاشیں نکالی گئیں۔