crossorigin="anonymous"> ن لیگ نے ریاست نہیں سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کر دی۔ شاہ محمود قریشی - societynewspk

ن لیگ نے ریاست نہیں سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کر دی۔ شاہ محمود قریشی

ن لیگ نے ریاست نہیں سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کردی،

حکومت مہنگائی کے جن کو کنٹرول کرنے میں ناکام،مہنگائی مزید بڑھے گی،

ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے نتائج قبول نہیں کریں گے،

مخالف امیدوار کی پری پول رگنگ کے ثبوت الیکشن کمیشن کو دیئے ہیں مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی،

الیکشن کے دوران امن و امان کی ذمہ داری انتظامیہ کی ہے،

اگر پولنگ ڈے پر کوئی جانی نقصان ہوا تو انتظامیہ اور حکومت ذمہ دار ہو گی۔ شاہ محمود قریشی

 

ملتان( سوسائٹی نیوز )

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے بیان دیا ہے کہ ہم نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا ہے۔ ریاست کا دفاع 22 کروڑ عوام کر سکتی ہے۔ ن لیگ نے سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کر دی۔انہوں نے ذاتی مفاد کیلئے نیب کو دفن کیا۔پوری قوم جانتی ہے آپ کا ایجنڈا قومی نہیں بلکہ ذاتی تھا۔ وزیر اعظم نے اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے کیسز سے نجات کے لئے اقتدار قبول کیا۔

 

مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا ہے اور حکومت مہنگائی کے جن کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ن لیگ عوام کو سچ نہیں بتا رہی۔ لوگوں پر پیٹرول بم گرایا گیا ہے اور پیٹرول پر 10 فیصد مزید ریگولیٹری ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔حکومت 3 روپے فی یونٹ بجلی کا ٹیرف بڑھانے جا رہی ہے۔ اگست کے مہینے میں بجلی کا فی یونٹ 21 روپے کا ہو گا۔حکومت اگست میں بجلی 21، ستمبر میں 24 جبکہ اکتوبر میں 25 روپے فی یونٹ کا معاہدہ کر چکی ہے۔

 

ن لیگ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کر چکی ہے اور جولائی میں لوگوں کو احساس ہو گا بجلی کا بل کہاں پہنچ گیا ہے۔حکومت نے انڈسٹری پر10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔انڈسٹری پر لگنے والے ٹیکس سے عام صارف متاثر ہو گا۔ اس حکومت کے بجٹ کو آئی ایم ایف نے مسترد کر دیا ہے اور حکومت نے سپر ٹیکس لگانے کا اشارہ دیا ہے۔ 10 فیصد سپر ٹیکس سیمنٹ پر لگے گا اور 10 فیصد سپر ٹیکس آٹو موبائل انڈسٹری پر لگے گا۔ یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے۔ سپر ٹیکس سے سیمنٹ، کھاد، کپڑا، موٹر سائیکل، سگریٹ سمیت سب چیزیں مہنگی ہو جائیں گی۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسابق ٹکٹ ہولڈر رانا اقبال سراج کے چچا‘ راناجاوید کھاد والے‘یونین کونسل 50 سے ن لیگ سے تعلق رکھنے والے راؤ حفیظ الرحمن‘ امیر خان‘ رانا ساجد ظریف‘ شیخ اجمل قادری‘ سابق کونسلر شیخ اکرم‘ شیخ حسن سمیت ایک بہت بڑے گروپ کی تحریک انصاف میں شمولیت اور زین قریشی کی حمایت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی ندیم قریشی‘ ملک نیاز بھٹہ‘ شیخ سلیم‘ راؤ امجد سمیت پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

 

انہوں نے کہاپنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن کے لیے امتحانات ہیں اگر دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں کریں گے، شفاف الیکشن نہیں کرائیں گے تو عام انتخابات میں لوگوں کا اعتماد اٹھ جائیگا۔

 

حمزہ شہباز نے چند سیٹوں کیلئے دھاندلی کی تو سیاسی نظام درہم برہم ہوجائیگا، ن لیگ کے ٹکٹوں پر پنجاب میں لوگ خوش نہیں ہیں، مسلم لیگ ن میں ہلچل ہے اور ان کے ورکرز بھی مطمئن نہیں ہیں، ن لیگ کو شیر کی بجائے لوٹے کا نشان دیا جائے۔انہو ں نے کہا ملتان کا ضمنی ا نتخاب دورافتادہ علاقے کا نہیں بلکہ شہر کے اندر ہو رہا ہے۔ سب مانیٹر کررہے ہونگے۔ ماضی میں سیل کو توڑ کو جعلی ٹھپے لگائے گئے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر 17 جولائی کو نتائج تبدیل کئے گئے تو پنجاب کے 14 اضلاع میں عمران خان کال دیں گے۔اورسب کو سامنا کرنا پڑے گا۔

 

انہوں نے کہا ہمارا مخالف امیدوار ترقیاتی منصوبے مکمل کروا رہا ہے۔سرکاری امیدوار کارپوریشن کے ٹھیکیداروں کو ساتھ نہ دینے پر ٹینڈر کینسل کی دھمکی دے رہے ہیں۔جو لوگ ہمارے ساتھ تھے ان کی وفا داریاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ میں نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی فوٹیج الیکشن کمیشن کو بھیجی۔ الیکشن کمیشن کو تمام ثبوت دے دیے مگر وہ پھر سے ثبوت مانگ رہا ہے۔ہم نے آر او کو کہادو شناختی کارڈ پر مخالف امیدوار کو نا اہل کیا گیا وہ ریکارڈ کرنے سے کتراتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا انتظامیہ کو کہ کر بھیجا گیا ہے کہ نتیجہ نہ دیا تو سیٹوں پر نہیں رہو گے۔ سرکاری افسر مجبور ہیں، ہمیں ان سے کوئی گلہ نہیں ہے۔بیوروکریسی کی مجبوری ہے کہ انہوں نے حکومت کا ساتھ دینا ہے۔ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ بیورو کریٹ قانون کے مطابق چلیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف شفاف الیکشن کا کہہ رہی ہے۔ عمران خان اپنے دورہ لاہور میں الیکشن کمیشن کے حوالے سے اہم بیان دیں گے۔

 

انہو ں نے کہا کہ الیکشن کے دوران امن و امان کے قیام کی ذمہ داری انتظامیہ کی ہے۔ گزشتہ دنوں یونین کونسل نمبر 51 میں ہمارے دفتر پر حملہ کر کے کارکن کو زخمی کیا گیا۔الیکشن کے دوران لڑائی جھگڑا ہوا تو خون خرابہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے انتباہ کیاانتظامیہ اپنی ذمہ داری سے غافل نہ ہو، اگرپولنگ ڈے پرکوئی جانی نقصان ہوا تو انتظامیہ اور حکومت ذمہ دار ہو گی۔

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button