وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے
اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 27 جولائی بروز بدھ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے پارلیمنٹ ہاؤس میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو خوش آمدید کہا۔
اجلاس میں صوبہ سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں بارشوں کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کی گئی کوششوں اور خود سے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے اقدام کو سراہا۔
وفاقی کابینہ نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسر اور سابق ڈی جی FIA محمد طاہر رائے کو انسدادِ دہشت گردی کا قومی کوارڈینیٹر مقرر کردیا ۔ مزیدبرآں وفاقی کابینہ نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 22 کے افسر محسن بٹ کو وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کردیا۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ قومی صحت کی سفارش پر درآمد شدہ دِل کے والو (Cardiac Stents) کی15 اقسام کی Maximum Retail Prices (MRPs) کو ایکسچینج ریٹ میں اضافے کے تناسب سے بڑھانے کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے بھیجے گئےInter Government Commercial Transaction Act-2022 کی منظوری دے دی اور اس کو متعلقہ پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کی سفارش کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس قانون کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں مدد ملے گی اور پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ یہ قانون حکومت سے حکومت کی سطح (G2G) پر ترقیاتی معاہدوں میں بھی مدد دے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے حکومت سے حکومت کی سطح (G2G) معاہدوں کے تحفظ کے لیے قدم اُٹھایا ہے اور اس سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 25-07-2022 کو منعقدہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ ان فیصلوں میں درج ذیل شامل ہیں:
1۔ 75 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے انعقاد کے لیے وزارتِ اطلاعات و نشریات کو مالی سال 2022-23 ء کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری۔
کابینہ نے یومِ آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی کوششوں کو سراہا اور حکومتی پالیسیز کی بہترین انداز میں تشہیر پر وزارتِ اطلاعات و نشریات کے کردار کی تعریف کی۔
2۔ وزارتِ داخلہ کی سفارش پر کنفیوشیئس انسٹیٹیوٹ، یونیورسٹی آف کراچی میں ہوئے دہشت گردی حملے کے شکار ہونے والے افراد کے لیے Compensation Package کی منظوری۔
3۔ برآمدی شعبہ کو، 1 اگست 2022 سے 9 سینٹ فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کرنے کی منظوری۔
4۔ برآمدی شعبہ کو، 1 اگست 2022 سے 9 ڈالر فی یونٹ کے حساب سے RLNGفراہم کرنے کی منظوری.
٭ وفاقی کابینہ نے ایگزٹ کنٹرول لِسٹ کے حوالے سے 40 کیسیز(بشمول Placement, Removal اور One-Time Placement)کی منظوری دی۔
٭ وفاقی کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر کی گئی نظرثانی درخواستیں خارج کرنے کا معاملہ زیرِ غور آیا۔ وفاقی کابینہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اتھارٹی کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف غیر ضروری طور پر کارروائی کی گئی۔مزید برآں وفاقی کابینہ نے اتفاق کیا کہ اس حوالے سے ریکارڈ منظرعام پر لایا جائے جس کی جانچ کے بعد یہ نظرثانی درخواستیں خارج کردی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ نے اس سلسلے میں ایک انکوائری کمیٹی بنانے کی منظوری دی جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر قمرالزماں کائرہ، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر سمیت تمام پارٹیوں کے نمائندےشامل ہوں گے۔کمیٹی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر کی گئی نظرثانی درخواستوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرئے گی۔