وزیراعظم کا سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر اجلاس طلب

وزیراعظم کا سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر اجلاس طلب
اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)
وزیراعظم شہبازشریف نے ملک خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر آج اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کو نقد رقوم اور زرتلافی کی ادائیگیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم کی گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اخترنوازسے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں وزیراعظم نے آرمی چیف سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں سے متعلق امور پر بات چیت کی تھی۔ وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم کو آج کے اجلاس میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی کارروائیوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 25 ہزار کی فوری نقد رقم کی فراہمی کے عمل کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔