ٹرین میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کرنیوالےملزمان گرفتار

ٹرین میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزمان گرفتار

 

کراچی (سوسائٹی نیوز)

ملتان سے کراچی آنے والی زکریا ایکسپریس میں خاتون کے ساتھ ٹرین کے عملے کی اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، ریلوے پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 

ذرائع کے مطابق ٹرین میں سفر کرنے والی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، متاثرہ خاتون کے مطابق ملتان سے کراچی آنے والی زکریا ایکسپریس میں اس کے ساتھ ٹرین کے عملے نےاجتماعی زیادتی کی اور فرار ہوگئے۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سٹی کراچی میں درج کرلی گئی ہے، اور مقدمے میں ٹکٹ چیکر زاہد اورعاقب نامی شخص کو نامزد کیا گیا ہے۔

 

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی رہائشی خاتون کے شوہر نے ڈیڑھ ماہ قبل اس کو طلاق دے دی تھی، اس کا سسرال مظفر گڑھ میں ہے، اور وہ اپنے بچوں سے ملنے 26 مئی کو مظفر گڑھ پہنچی اور 27 مئی کو واپس زکریا ایکسپریس کے ذریعے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، تاہم اسے ملتان اسٹیشن پر ٹکٹ نہیں ملا، خاتون نے ٹرین میں اکانومی کلاس کا ٹکٹ بنوا کر بغیر سیٹ سفر کیا۔

 

خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ٹرین جب روہڑی سے روانہ ہوئی تو نجی شعبے کے ٹکٹ چیکر زاہد نے اسے برتھ کی پیشکش کی، اور اسے اے سی بوگی کے ایک کمپارٹمنٹ میں لے گیا، کچھ دیر بعد زاہد کمپارٹمنٹ میں آیا اور اس سے دست درازی کی، جب اس نے وہاں سے جانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر ذیادتی کانشانہ بنا دیا، اس کے بعد انچارج عاقب آگیا اس نے بھی زبردستی زیادتی کی، اوراس کے جانے کے بعد ایک اور شخص کمپارٹمنٹ میں آیا اس نے بھی خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔

 

ایس پی ریلوے مہر کوثر عباس کا کہنا ہے کہ خاتون نے کراچی اسٹیشن پر پہنچ کر کسی کو واقعے سے متعلق اطلاع نہیں دی تھی، خاتون پریشانی کے عالم میں اسٹیشن پر بیٹھی تھی جس پر ریلوے پولیس نے خاتون کی مدد کی، خاتون اپنی حقیقی بہن کے ساتھ گھر چلی گئی تھی، اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس نے متاثرہ خاتون کو گھر سے بلوایا اور اس کا بیان ریکارڈ کیا۔

 

ایس ایس پی ریلوے نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے، زکریا ایکسپریس نجی شعبے کے زیر انتظام چلائی جارہی ہے اور واقعہ میں ملوث ٹرین کا عملہ فرارہوگیا ہے، ریلوے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں ملتان روانہ ہو گئی ہیں، اور ملتان پولیس کو بھی اپنا کام کر رہی ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

 

دوسری جانب آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار کا کہنا ہے کہ زکریا ایکسپریس واقعہ میں نامزد تینوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں، ملزمان کو سمندری، جہانیاں اور شور کوٹ سے گرفتار کیا گیا، ملزمان زوہیب، زاہد اور عاقب واقعہ سامنے آمنے پر فرار تھے۔

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Back to top button