پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ
زمین سے زمین تک مارک کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا تجربہ کیا گیا،تجربے کا مقصد ڈیزائن میں تبدیلیوں کاجائزہ لینا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد(سوسائٹی نیوز) پاکستان نے شاہین تھری میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق زمین سے زمین تک مارک کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا تجربہ کیا گیا۔تجرے کا مقصد ڈیزائن میں تبدیلیوں کاجائزہ لینا تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ سال فروری میں پاکستان نے بابر کروز میزائل ون اے کا کامیاب تجربہ بھی کیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان اپنے دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کے لیے اس سے قبل بھی کئی تجربات کر چکا ہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین 1 اے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔

شاہین 1 اے بیلسٹک میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل تجربہ ہتھیاروں کے تکنیکی پہلووں کا ازسر نو جائزہ لینے کے مقصد کیلئے کیا گیا۔ میزائل تجربے کا اعلیٰ عسکری قیادت نے مشاہدہ کیا۔ ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹینینٹ جنرل ندیم ذکی اور چئیرمین نیسکام رضا ثمر نے بھی میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ جبکہ سائنسدان اور انجینئرز بھی تجربے کی سائٹ پر موجود رہے۔صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے شاہین 1 اے بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد بھی دی گئی تھی۔ جبکہ رواں ماہ پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی کامیاب ٹیسٹ فائرنگ کا مظاہرہ کیا۔ جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ دوسری جانب ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فائر کئے گئے میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔