پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کو کروڑوں میں خریدا جا رہا ہے۔ فواد چوہدری

پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کو کروڑوں میں خریدا جارہا ہے۔ فواد چوہدری

 

اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)

سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں شیطانی کھیل شروع ہوگیا ہے اور ایم پی ایز کو 40/40 کروڑ روپے دیکر خریدا جارہا ہے۔

 

فواد چوہدری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے پنجاب کے عوام نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے تخت لاہور تحریک انصاف کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔ ہمارے پاس اس وقت 188 ممبرز موجود ہیں، لیکن اس کے بعد پنجاب میں ایک شیطانی کھیل شروع کردیا گیا ہے اور ہمارے ایم پی ایز کو چالیس چالیس کروڑ روپے دے کر خریدا جارہا ہے، ہمارے ایک ایم پی اے مسعود مجید کو زرداری نے 40 کروڑ روپے دے کر ترکی پہنچا دیا گیا ہے۔

 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پیسوں کے ذریعے کس قسم کی سیاست شروع کردی ہے، وہ ایسے پیسےتقسیم کر رہے ہیں جیسے ان کا اپنا ہے، یہ زرداری کا پیسہ نہیں سندھ حکومت کا ہے، وہاں ان کے پاس نالے کھولنے کیلیے پیسے نہیں ہیں اور یہاں بانٹ رہے ہیں۔ ن لیگی وزیر عطا تارڑ فون کرکے ہمارے ایم پی ایز کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کہا ہے کہ فی ایم پی اے 25 سے 30 کروڑ روپے دے سکتے ہیں۔

 

پی ٹی آئی کی نشستیں زیادہ ہونے پر حکومت بنانے دینا چاہیے تھا، لیکن سب سے پہلے رانا ثنا اللہ بطور وزیرداخلہ کہتا ہے5 لوگ ادھرادھر ہوسکتے ہیں۔ اس کے بعد وزیر اطلاعات آکر رانا ثنا اللہ کے بیان کی حمایت کرتی ہیں، ن لیگ کے دوسرےلوگ بھی آتے ہیں اور ایسے ہی بیانات دیتے ہیں، یہ بات اگر بیانات کی حد تک رہتی تو ٹھیک تھا مگر بات آگے بڑھ گئی ہے۔

 

فواد چوہدری نے کہا کہ ان لوگوں نےایم پی ایزکو کہا ہے آپ بس بیرون ملک چلے جائیں، وہاں انہوں نے ان ایم پی ایز کے لیے ہوٹل بُک کرلیے ہیں، کوئی بھی جمہوریت اس قسم کی خرید وفروخت میں کیسے چل سکتی ہے، سپریم کورٹ میں درخواست دے رہے ہیں سپریم کورٹ ہی ایک ادارہ ہے جو اس معاملے پر شفافیت یقینی بنائے گا، فوری طور پر آصف زرداری، رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف الیکشن میں پیسوں کے استعمال پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

 

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عدالت نے راولپنڈی کی نشست پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے، مظفر گڑھ کی نشست سے متعلق بھی درخواست دے دی ہے، امید ہے پی ٹی آئی کی ضمنی انتخابات میں نشستیں15 سے بڑھ کر 17 ہوجائیں گی، ہمارے پاس اس وقت 188 لوگ ہیں، ری کاؤنٹنگ کے بعد ہم 190 پر بھی جا سکتے ہیں، پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنا دیں گے، ہماری نمبر گیم پوری ہے۔

 

چوہدری شجاعت کی جانب سے حمزہ کی حمایت سے انکار اور چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کے اعلان کے بعد ریٹ بڑھائے گئے ہیں، ہمارےممبران کو جب آفر ہوئی تو پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کیا، ہمارے ممبران نے بیان حلفی بھی جمع کرا دیا ہے کچھ دیر میں جاری ہوجائے گا، غضنفر علی چیمہ، سردار شہاب الدین اور عامر نے بیان حلفی عدالت میں جمع کرائے ہیں۔

 

اگر سندھ ہاؤس اور سینیٹ الیکشن میں پیسوں کے لین دین کا نوٹس لیا جاتا تو صورتحال آج سے مختلف ہوتی، ہم عوام کے نوٹس میں لانے کیلئے پریس کانفرنس کر رہے ہیں کہ دیکھیں ملک میں کیا ہورہا ہے، جس شخص نے زندگی میں50 لاکھ نہیں دیکھا اسے 50 کروڑ کی آفر کی جا رہی ہے، اتنی بڑی پیسوں کی آفر کی جائے تو ہر کوئی فرشتہ نہیں ہوتا۔

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Back to top button