پیپلزپارٹی ہی سرائیکی صوبہ بنائے گی۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ
پیپلزپارٹی ہی سرائیکی صوبہ بنائے گی،
شاہ محمود قریشی کو گیلانی فوبیا ہو گیا ہے،
سید یوسف رضا گیلانی محسن ملتان ہیں،
سرائیکی وسیب کی عوام اگلے الیکشن میں تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کراکر صوبہ بنانے کی وعدہ خلافی کا بدلہ لیں گے۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ
ملتان (سوسائٹی نیوز)
پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار این اے 156 و پی پی 217 ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی سرائیکی صوبہ بنائے گی اور سرائیکی قوم کے حقوق کا مقدمہ بھی ہر پلیٹ فارم پر لڑے گی۔ پی ٹی آئی سرائیکی صوبے کا تحریری معاہدہ کرکے اپنے وعدوں سے مکر گئی ہے، اگلے الیکشن میں ان شاء اللہ سرائیکی وسیب پی ٹی آئی اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کرا کر اس وعدہ خلافی کا بدلہ لیں گے۔
ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ عمران خان نے جب سرائیکی وسیب سے ووٹ لینے تھے تو 100دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ کر لیا مگر 4سال اقتدار میں ایک دن بھی صوبہ بنانے کے حوالے سے عملی کام نہ کیا۔ملتان کے جلسے میں اپنی زبان سے سرائیکی صوبہ کے بارے میں ایک لفظ بھی نہ کہا۔مخدوم شاہ محمود قریشی اب صوبہ بنانے کا ایکبار پھر چورن بیچنے کی ناکام کوشش نہ کریں،اب ان کی بات پر کوئی اعتبار نہیں کرتا۔
ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو “گیلانی فوبیا” ہو گیا ہے۔ موضوع کوئی بھی ہو شاہ محمود قریشی اپنی ہر تقریر میں سید یوسف رضا گیلانی کا ذکر کیئے بغیر رہ نہیں سکتے۔ملتان کی باشعور عوام اچھی طرح سے جانتی ہے کہ محسن ملتان صرف سید یوسف رضا گیلانی ہی ہیں جنہوں نے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے ملتان کی عوام کو زبردست ریلیف دیا اور ملتان کو ایک جدید شہر میں تبدیل کر دیا۔
کیا شاہ محمود قریشی، سید یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں اپنے چند کارنامے عوام کے سامنے بیان کر سکتے ہیں۔؟
شاہ محمود قریشی کا اپنا حلقہ اس وقت جس تباہی اور زبوں حالی کا شکار ہے وہ سب ملتان کی عوام کے سامنے ہے۔