crossorigin="anonymous"> چوریوں ڈکیتیوں میں اضافے پر تاجروں کا پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ - societynewspk

چوریوں ڈکیتیوں میں اضافے پر تاجروں کا پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سی پی او سمیت نااہل راشی افسران کو معطل کرکے اہل و ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے

چوروں ڈکیتوں کو گرفتار کرکے تاجروں کی کروڑوں کی ریکوری کرائی جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے۔ عارف فصیح اللہ


ملتان ( سوسائٹی نیوز)
شہر میں چوری،ڈکیتی و دیگر سنگین وارداتوں میں کمی نہ ہونے پر تاجروں نے شدید احتجاج کیا ہے اور اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پولیس اور سی پی او پر عائدکرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سی پی او سمیت سفارشی،نااہل اور راشی افسران کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور اہل اور ایماندار سی پی او تعینات کرکے چوروں اور ڈاکووں کو پکڑا جائے اور تاجروں کا کروڑوں روپے کا لوٹا ہوا مال برآمد کرایاجائے،بصورت دیگر تاجربرادری احتجاج کا دائرہ پورے ملتان تک وسیع کردے گی۔
یہ انتباہ تاجر رہنماوں نے گزشتہ روز انجمن تاجران گلگشت کے زیراہتمام گردیزی مارکیٹ میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔انجمن تاجران ملتان وجنوبی پنجاب کے صدر عارف فصیح اللہ نے کہا کہ پولیس کی سرپرستی میں ملتان میں چوروں و ڈاکووں کا راج قائم ہوچکا ہے، ممتازآباد کے علاقہ پیپلز کالونی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران لڑکی سے اجتماعی زیادتی، کینٹ کے علاقہ میں 70 لاکھ کی ڈکیتی، شالیمار کالونی میں 17 لاکھ کی ڈکیتی سمیت شہر میں روزانہ درجنوں وارداتیں ہو رہی ہیں،لیکن پولیس کسی بھی واردات کو ٹریس نہیں کرسکی اور نہ گرفتاری یا برآمدگیاں ہوئی ہیں،جو پولیس کی نااہلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں اور تاجروں کو تحفظ دینے کی بجائے اپنے دفاتر تک محدود ہوگئی ہے اور چوروں اور ڈاکووں کو گرفتار کرنے اور کیفر کردارتک پہنچانے کی بجائے ان سے اپنا حصہ وصول کرکے چپ سادھے ہوئے ہے،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ پولیس حکام سے متعدد بار ملاقاتیں کی گئیں اور شہریوں اور تاجروں کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا،مگر ان کی جان ومال کو تحفظ دینے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔
انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر اس صورتحال کانوٹس نہ لیا گیا اور ملتان میں اہل افسران کو تعینات کرکے وارداتوں کی روک تھام نہ کی گئی تو تاجر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔انجمن تاجران گلگشت کے زیراہتمام گردیزی مارکیٹ میں تاجرشہر میں چوری،ڈکیتی و دیگر سنگین وارداتوں میں کمی نہ ہونے خلاف ملتان وجنوبی پنجاب کے صدر عارف فصیح اللہ کی قیادت میں احتجاج مظاہرہ کر ر ہے ہیں۔
مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button