وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی کا شہید کارکن معظم گوندل کے اہلخانہ کیلئے 50لاکھ کی مالی امداد اور حملہ آور کو پکڑنے والے ابتسام کیلئے 25لاکھ کا خصوصی انعام

وزیر اعلی پرویز الہی کا شہید کارکن معظم گوندل کے اہل خانہ کے لئے 50لاکھ روپے کی مالی امداد اور حملہ آور کو پکڑنے والے کارکن ابتسام کیلئے 25لاکھ کے خصوصی انعام کا اعلان
لاہور (سوسائٹی نیوز)
شہید کارکن معظم گوندل کے اہل خانہ کے لئے 50لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا تیسرا اجلاس منعقدہوا، پنجاب کابینہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور دیگر رہنمائوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔پنجاب کابینہ نے عمران خان اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی، صوبائی وزراء اور معاونین خصوصی نے عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔پنجا ب کا بینہ کے اجلاس میں حملہ آور کی فائرنگ سے شہید کارکن معظم گوندل کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کارکن معظم گوندل کے اہل خانہ کے لئے 50لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیاجبکہ حملہ آور کو جرات سے پکڑنے والے کارکن ابتسام کے لئے 25لاکھ روپے کا خصوصی انعام کااعلان کیاگیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ملزم کا بیان محض ڈرامہ ہے ،معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ عمران خان اور دیگر رفقاء محفوظ رہے۔ تحقیقات میں اصل محرکات سامنے لائے جائیںگے۔ ملزم کی ویڈیولیک کرنے والے پورے تھانے کو معطل کر کے عملے کے فون ضبط کر لئے ہیں اورموبائل فونز کا فرانزک آڈٹ ہورہاہے ، رابطہ کاروں کا جلد پتہ چل جائے گا۔