پی ایچ اے ملتان کی 165اسامیوں کی بھرتی میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف

پی ایچ اے ملتان کی پے سکیل1 کی 165اسامیوں کی بھرتیوں میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف،
ڈی جی پی ایچ اے 3 سے 5لاکھ میں آسامیاں فروخت کرنے لگا۔امیدواروں کا الزام
معاملہ کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں۔سیاسی و سماجی حلقوں کا مطالبہ
ملتان (سوسائٹی نیوز)
پی ایچ اے ملتان میں 165 خالی اسامیوں پر بھرتیوں میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ان اسامیوں پر بھرتی کے خواہشمند امیدواروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پی ایچ اے ملتان میں پے سکیل1 کی 165 اسامیوں کی بھرتی کیلئے 5نومبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔امیدواروں نے بتایا کہ ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا شاہ اپنے دو فرنٹ مینوں واثق اور فرجاد کے ذریعے 3 سے 5 لاکھ فی اسامی ڈیمانڈ کر رہا ہے۔کئی امیدواروں نے واثق اور فرجاد کے ذریعے لاکھوں روپے ایڈوانس دیکر ڈی جی سے اپنی نوکریوں کی بات پکی کر لی ہے جبکہ ہم غریب امیدوار ان پیسے والے امیدواروں سے زیادہ پڑھے لکھے اور دیگر میرٹ پر بھی پورے اترتے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پے سکیل1 کی ان اسامیوں پر بھرتی کیلئے ماسٹر ڈگری ہولڈر نوجوانوں نے بھی اپلائی کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا کے بارے میں کرپشن کی متعدد شکائیتیں منظرعام پر آ چکی ہیں۔پے سکیل1 کی ان 165 اسامیوں کی بھرتی کا طریقہ کار اور سلیکشن کمیٹی بھی ڈی جی نے خود تشکیل دی ہے جس میں اپنی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے طریقہ کار میں یہ بات بھی شامل کی ہے کہ ان اسامیوں کی بھرتی کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
پی ایچ اے کے ترجمان نے امیدواروں کے نوکریاں بیچنے کے الزام کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوِئے اس کی تردید کر دی۔ترجمان نے کہا کہ پی ایچ اے میں طے شدہ طریقہ کار اور میرٹ پر بھرتیاں ہوں گی۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر وزہراعلی پنجاب، وزیر ہاوسنگ،سیکرٹری ہاوسنگ ساوتھ پنجاب،کمشنر و ڈپٹی کمشنر ملتان اور چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ سے نوٹس لینے اور شفاف انکوائری اور میرٹ پر بھرتیوں کا مطالبہ کیا ہے۔