الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی الیکشن ملتوی کر دیئے

اسلام آباد(سوسائٹی نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے 13قومی و صوبائی حلقوں میں تمام ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کی درج ذیل حلقہ جات میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول دیا ہوا ہے جس کے مطابق پولنگ 11 ستمبر، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر 2022ء کو ہونی تھی جسے ملک بھر میں سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے شیڈول کے مطابق الیکشن کرانا ممکن نہیں رہا لہذا الیکشن ملتوی کیا جائے ۔
جن حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوئے ہیں ان میں این اے 157، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر، این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 شپاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی، این اے 246 کراچی، پی پی 209 خانیوال کے حلقے شامل ہیں۔