نشتر ہسپتال،چھت پر لاشوں کا معاملہ،وزیراعلی نے 3ڈاکٹرز،3 ملازمین اور دو ایس ایچ اوز معطل

”نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاشیں پھینکنے کا واقعہ“،کسی بھی صورت میں لاشوں کے ساتھ ایسا برتاؤ قبول نہیں:چودھری پرویزالٰہی
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا سخت ایکشن،غفلت کے ذمہ دار3ڈاکٹرز، 3 ملازمین اور 2ایس ایچ اوز معطل
شعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مریم اشرف، ڈیموسٹیٹر ڈاکٹرعبدالوہاب اورڈیموسٹیٹر ڈاکٹرسیرت عباس کوعہدوں سے ہٹا دیاگیا
ایس ایچ اوتھانہ شاہ رکن عالم کالونی عمر فاروق،ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سعید سیال، ہسپتال ملازمین غلام عباس، سجاد ناصراورعبدالروف بھی معطل
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، ڈاکٹر یاسمین ر اشد،مونس الٰہی،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورمتعلقہ حکام کی شرکت
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کونشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاشیں پھینکنے کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی
لاہور(سوسائٹی نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین ر اشد،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)اسد اللہ،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کونشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاشیں پھینکنے کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے غفلت کے ذمہ دارنشتر ہسپتال کے3ڈاکٹرز، 3 ملازمین اورمتعلقہ تھانوں کے 2ایس ایچ اوزکو معطل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مریم اشرف، ڈیموسٹیٹر ڈاکٹرعبدالوہاب،ڈیموسٹیٹر ڈاکٹرسیرت عباس،ایس ایچ اوتھانہ شاہ رکن عالم کالونی عمر فاروق،ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سعید سیال،نشتر ہسپتال کے ملازمین غلام عباس،محمد سجاد ناصراورعبدالروف کو معطل کردیاگیاہے اورانہیں عہدوں سے ہٹا دیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہدایت کی کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی صورت میں لاشوں کے ساتھ ایسا برتاؤ قبول نہیں۔اس گھناؤنے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔دین اسلام میں لاشوں کی تجہیز و تدفین کی تعلیمات بالکل واضح ہیں۔لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ لاشوں کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو نشتر ہسپتال ملتان میں پیش آنیوالے واقعہ کے بارے میں کی گئی انکوائری رپورٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا ڈیفنس سی میں فائرنگ سےڈولفن فورس اہلکار قاسم کے شہید ہونے کے واقعہ کا نوٹس،ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم
لاہور(سوسائٹی نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ڈیفنس سی کے علاقے میں ملزمان کی فائرنگ سے ڈولفن فورس کے اہلکار قاسم کے شہید ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہید اہلکار قاسم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار قاسم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے اور شہید اہلکار قاسم کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
٭٭٭
لاہور (سوسائٹی نیوز)
پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آج تک ایک امیدوار بیک وقت قومی اسمبلی کی 6 سیٹوں پر کبھی کامیاب نہیں ہوا،عمران خان کو منفرد اعزاز حاصل ہوا
عمران خان کی جیت پاکستان کی فتح:وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پر عمران خان اورکامیاب امیدواروں کو مبارکباد
لاہور17اکتوبر: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اورکامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آج تک ایک امیدوار بیک وقت قومی اسمبلی کی 6 سیٹوں پر کبھی کامیاب نہیں ہوا۔عمران خان کو بیک وقت قومی اسمبلی کی6 نشستوں پر جیت کا منفرد اعزاز حاصل ہوا۔عمران خان کی جیت پاکستان کی فتح ہے۔انہوں نے کہاکہ نتائج نے ثابت کردیا کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ضمنی الیکشن کے نتائج پی ڈی ایم کے لئے نوشتہ دیوارہیں اور عمران خان نے13 جماعتی اتحاد کو کلین بولڈ کر دیاہے اور عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے-انہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت پر بھرپوراعتماد کرتے ہیں۔امپورٹڈ حکومت نے سارا زورلگاکر دیکھ لیا،عوام نے انہیں ووٹ کی طاقت سے ردکیا۔
لاہور (سوسائٹی نیوز)
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا اہم اقدام، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں ون ونڈ آپریشن کی منظوری
اوورسیز پاکستانی ایک ہی دن میں ایل ڈی اے سے پلاٹ خرید سکیں گے اور ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفرکی سہولت دی جائے گی
بیرون ملک سے آنیوالے پاکستانی بھائیوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنارہے ہیں،سرخ فیتہ حائل نہیں ہونے دینگے:پرویز الٰہی
آزادی چوک میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے بائیکرز اورہیڈبرج، اکبر چوک کوسگنل فری کرنے کیلئے فلائی اوور اور انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا
بفرزون قائم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی،پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا
انٹرچینج اورفلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے، مزیدزرعی زمین ایکوائرکرنے کی بجائے ملٹی سٹوری بلڈنگ کلچر کو فروغ دیا جائے
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا اجلاس، لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری
لاہور(سوسائٹی نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہورکے ماسٹر پلان 2050 کے پلان کی منظوری دیدی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اوورسیزپاکستانیوں کی سہولت کے لئے اہم اقدام کرتے ہوئے ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی منظوری دے دی۔ اوورسیز پاکستانی ایک ہی دن میں ایل ڈی اے سے پلاٹ خرید سکیں گے۔اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفرکی سہولت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی بھائیوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنارہے ہیں۔اوورسیزپاکستانیوں کے معاملے میں کوئی سرخ فیتہ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شاہدرہ پلان کو جلد ازجلد قابل عمل بنانے اور تعمیرات کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آزادی چوک میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے بائیکرز اورہیڈبرج بنانے، اکبر چوک کوسگنل فری کرنے کیلئے فلائی ا ووراورانڈرپاس تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن2019میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور ماسٹر پلان2050کے تحت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھاجائے گا۔ لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کیلئے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔بفرزون قائم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کیلئے انٹرچینج اورفلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مزیدزرعی زمین ایکوائرکرنے کی بجائے ملٹی سٹوری بلڈنگ کلچر کو فروغ دیا جائے۔ اجلاس میں جوہر ٹاؤن، موضع چک مزنگ میں اراضی ایکوائرکرنے اور ایل ڈی اے ایونیو ون میں تنازعات حل کرنے کیلئے فریقین سے بات چیت کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے سکیموں کیلئے ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ سب کمیٹی میں ارکان اسمبلی بھی شامل ہوں گے۔اجلاس میں موضع کھاڑک،خیبربلاک علامہ اقبال ٹاؤن،گلشن راوی میں حل طلب امورعدالتی اورقانونی احکامات کے مطابق حل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے ایونیو ون کے نادہندگان کی ادائیگی کی مدت میں توسیع اور ٹیپا کیلئے ڈویلپمنٹ ورک پرعائد پابندی اٹھانے کی بھی منظوری دی گئی۔جوہر ٹاؤن میں زیر التواء پلاٹس کی ریگو لرائزیشن کی منظوری دی گئی اور ایل ڈی اے گورننگ باڈی کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کنسلٹنٹ ماسٹر پلاننگ مسٹر ڈیوڈ نے لاہور ماسٹر پلان 2050پرتفصیلی بریفنگ دی۔ اکنامک ڈویلپمنٹ سٹریٹجی،ریجنل سٹریٹجی اوردیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر میاں محمد اسلم اقبال، صوبائی مشیر عامرسعید راں،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،وائس چیئرمین شیخ امتیاز محمود، ارکان صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، ملک مختار احمد، محمد عاطف، عامر ریاض قریشی،طارق ثناء باجوہ، متعلقہ سیکرٹریز، ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے ارکان، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسااور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
٭٭٭
آئیے غربت کے خاتمے کی جنگ میں مشترکہ انسانیت کے جذبے کیساتھ اپنی کوششوں کو دوگنا کرنیکا بیڑا اٹھائیں:پرویز الٰہی
غربت سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے، ایسے معاشرے کی تعمیرکریں جو غربت سے پاک سے ہو اور ضرورت مندوں کو بااختیار بنائے
غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاش، کاروباری مواقع اور پیداواری وسائل تک رسائی کو بہتر بناناہوگا، غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام
لاہور(سوسائٹی نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیگر چیلنجز کی طرح غربت کے خاتمے کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔کورونا وباء کے بعد حالیہ سیلاب نے غربت میں اضافہ کیاہے۔ آئیے غربت کے خاتمے کی جنگ میں ہم مشترکہ انسانیت کے جذبے کے ساتھ اپنی کوششوں کو دوگنا کرنے کا بیڑا اٹھائیں اور ایک ایسے معاشرے کی تعمیرکریں جو نہ صرف غربت سے پاک سے ہو بلکہ ضرورت مندوں کو بااختیار بنائے۔ غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ غربت سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاش، کاروباری مواقع اور پیداواری وسائل تک رسائی کو بہتر بناناہوگا۔سماجی تحفظ کے ایسے نظام کو پروان چڑھانا ہوگا جہاں وسائل اورمواقع پر سب کی یکساں رسائی ہو۔انہوں نے کہا کہ پنجاب احساس راشن پروگرام غربت کے خا تمے کیلئے ایک تاریخ ساز اقدام ہے اور اس پروگرام کے تحت 80لاکھ مستحق خاندانوں کو گھی،آٹا،دالیں اورآئل 40فیصد تک سستا فراہم کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے تمام اقدامات کا محورغریب آدمی کی فلاح ہے۔تیز رفتار صنعتی عمل کے ذریعے روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے۔معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا سدباب ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا پیغام ہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا موثر کردار ادا کرے۔