crossorigin="anonymous"> چین کا سیلاب زدگان کیلئے 300ملین کا اعلان،چودھری پرویز الہی نے مختصر عرصے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چینی قونصل جنرل - societynewspk

چین کا سیلاب زدگان کیلئے 300ملین کا اعلان،چودھری پرویز الہی نے مختصر عرصے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چینی قونصل جنرل

مختصر عرصے میں چودھری پرویز الٰہی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،

چینی قونصل جنرل کا وزیراعلیٰ کی عوامی خدمات کو خراج تحسین
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے چین کے قونصل جنرل کی ملاقات، چینی حکومت کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام،متاثرین کیلئے مالی امداد
قونصل جنرل زاؤ شیرین کا پنجاب میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار، بحالی کیلئے تعاون کے عزم کا اعادہ
پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع کردیا ہے، سیلاب زدگان کیلئے چین کے تعاون کو سراہتے ہیں:پرویز الٰہی
متاثرین کی بحالی کیلئے 300 ملین روپے کی امداد دینگے، دوست وہ جو مشکل میں کام آئے، ہم دوستی نبھائینگے:چینی قونصل جنرل
چین پاکستانی طلبہ کو سکالرشپ دے گا، پنجاب پولیس کی استعدادکار میں اضافے کیلئے ٹریننگ کا ایم او یو جلد سائن ہوگا
سرمایہ کاری،انفراسٹرکچر، پاور پلانٹ، تعلیم، صحت اور ڈیم پراجیکٹس اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

لاہور (سوسائٹی نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین نے چین کی حکومت اور پاکستان میں چین کے سفیر کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا۔ چین کے قونصل جنرل نے پنجاب میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کی بحالی کے لئے تعاون کے عزم کااعادہ کیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری،تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سی پیک پراجیکٹ کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی قونصل جنرل نے متاثرین سیلاب کے لئے مالی امداد کااعلان کیا اور کہا کہ لاہور میں چینی قونصل جنرل آفس کی طرف سے متاثرین کی بحالی کیلئے 300 ملین روپے کی امداد دیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے تعاون پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مختصر عرصے میں چودھری پرویز الٰہی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی طرف سے دوستی کے تقاضے نبھاتے ہوئے سیلاب زدگان کے لئے تعاون پر مشکور ہیں۔ چین سے سیلاب زدگان کے لئے ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان بھجوانا قابل تحسین ہے۔ سیلاب زدگان کے لئے چین کی مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بحالی کا کام شروع کردیا ہے، چین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

چینی قونصل جنرل نے پنجاب کے طلبہ کیلئے قونصل جنرل سکالرشپ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی بحالی اور بہتری کیلئے معاونت کریں گے۔پنجاب پولیس کی استعدادکار میں اضافے کیلئے مشترکہ ٹریننگ کے ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔چینی قونصل جنرل نے انفراسٹرکچر، پاور پلانٹ، تعلیم، صحت اور ڈیم پراجیکٹس کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دوست وہ جو مشکل میں کام آئے، ہم دوستی نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس ہوا۔ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں۔ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک ایجوکیشن کوآپریشن کے ذریعے پسماندہ علاقوں کے بچوں کی معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنائیں گے۔

ملاقات میں ڈپٹی قونصل جنرل ساؤ کی (Cao Ke)، ڈائریکٹر پولیٹیکل اینڈ قونصلرا فیئرز ڈو ژاؤ(Du Yue)، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن زاؤ فشنZhao Fushan))، لیوکن بو(Liu Qinbo) اور کمرشل قونصل ژن ژانگ(Yan Yang) بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
٭٭٭٭

سید علی گیلانی شہید کی بے مثال خدمات تاریخ آزادی کشمیر کا روشن باب،بھارتی ظلم وستم کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹے رہے:پرویز الٰہی
سید علی گیلانی شہید کی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے حوالے سے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا یوم شہادت پر پیغام

لاہور(سوسائٹی نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بابائے حریت سید علی گیلانی شہید کے پہلے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی شہید کی آزادی کشمیر کے لئے جدوجہد کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ سید علی گیلانی شہید نے اپنی زندگی آزادی کشمیر کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ بھارتی ظلم وستم کے سامنے حریت رہنما سید علی گیلانی چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر کے لئے سید علی گیلانی شہید کی بے مثال خدمات تاریخ آزادی کشمیر کا روشن باب ہے۔سید علی گیلانی شہید نے آزادی کشمیر کی تحریک کو نئی جلا بخشی۔ آزادی کشمیر کے لئے سید علی گیلانی شہید کی عظیم خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سید علی گیلانی شہید کی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے حوالے سے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
٭٭٭٭

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Back to top button