جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے علاقے کے اراکین اسمبلی اور نامور شخصیات سے مشاورت کرکے ترقی کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائیگا۔ وزیراعلی پرویز الہی کا معروف صنعتکار جلال الدین رومی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی اور نامور شخصیات سے مشاورت کرکے ترقی کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائیگا،
صحت اور سیوریج کے منصوبوں کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں گے،
زراعت کے ذریعے معاشی منصوبے ترتیب دیکر کسانوں کو خوشحالی کی طر لے جائیں گے،
جلال الدین رومی فاونڈیشن کے فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کی معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی سے ملاقات میں اظہار خیال
ملتان(سوسائٹی نیوز)
وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا گزشتہ وزارت اعلیٰ دور میں جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کیا تھا اور اب جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی کے لیے اراکین اسمبلی اور علاقے کی نامور شخصیات سے مشاورت کے بعد ترقی کے سلسلے کو آگے بڑھانے کا کام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ لاہور میں معروف صنعت کار اور سابق صدر ملتان و ڈیرہ غازی خان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ محمد جلال الدین رومی سے خصوصی ملاقات میں کیا۔
انھوں نے کہا کہ مجھے اولیاء ملتان سے خصوصی لگاو ہے۔یہی وجہ ہے کہ اپنے سابقہ دور میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور چلڈرن ہسپتال ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نشتر ہسپتال کے لئے پہلے مرتبہ ریکارڈ فنڈز مہیا کئے۔
ملاقات میں خواجہ محمد جلال الدین رومی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام ایک مرتبہ پھر آپ کی جانب سے ضلع ملتان کے طبی اداروں، سیوریج کے مسائل اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کے منتظر ہیں۔ خاص طور پر نشتر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو گذشتہ کئی ماہ سے ادویات کی کمی کا سامنا ہے۔اس سلسلے میں فوری طور پر اقدام اٹھایا جائے۔
اس کے علاوہ نشتر ہسپتال و یونیورسٹی میں ڈاکٹروں اور فیکلٹی کی شدید کمی ہے۔اس بارے میں فوری توجہ درکار ہے۔اس کے علاوہ چوہدری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیاجی ملتان میں جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ سے ہزاروں لوگ علاج معالجہ کے لیے آتے ہیں۔مریضوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے کارڈیاجی انسٹیٹیوٹ ملتان کے توسیعی بلاک میں تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح ملتان شہر میں مدر اینڈ چائلڈ ھسپتال کی تعمیر میں رکاوٹیں دور کی جائیں۔تاکہ منصوبے کی لاگت میں اضافہ نہ ہو سکے۔
وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے خواجہ جلال الدین رومی سے کہا میری ملتان اور جنوبی پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر گہری نظر ہے اور میں نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو کہا ہے کہ وہ نشتر ہسپتال ٹو اور پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیاجی ملتان کے توسیعی منصوبے کی تعمیر کی نگرانی کرتی رہیں تاکہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میسر آ سکیں۔
انھوں نے خواجہ جلال الدین رومی کے توجہ دلانے پر کہا کہ وہ خود ملتان شہر میں موجود طبی اداروں میں سہولیات اور فنڈ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔تاکہ علاج معالجہ کے لیے آئے گئے لوگوں مایوس نہ جانا پڑے۔خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ملتان میں ہر بارش کے بعد جگہ جگہ پر پانی کھڑا ہو جاتا ہے۔اس بارے میں واسا حکام کو ھنگامی طور پر فنڈز دیئے جائیں تاکہ شہر کا پرانا مسئلہ حل ہو سکے۔
وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اس پر کہا کہ میں آپ کی توجہ دلانے پر ملتان کی انتظامیہ سے رابطہ کرتا ہوں اور شہر کے سیوریج کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرتا ہوں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے۔میں صوبہ کی زرعی معشیت کو فروغ دے کر ایک طرف دیہاتوں کو اپ گریڈ کروں گا تو دوسری جانب پنجاب کے مختلف یونیورسٹیوں میں زرعی شعبے قائم کروں گا تو دوسری جانب زراعت کے ذریعے معاشی منصوبے ترتیب دے کر کاشتکاروں کو خوش حالی کی طرف لے جاوں گا۔
اس موقع پر خواجہ محمد جلال الدین رومی نے وزیر اعلی پنجاب کو بتایا کہ جلال الدین رومی فاونڈیشن اس وقت جنوبی پنجاب کے مختلف میں صحت عامہ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے علاوہ صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔اس سلسلے میں ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مل واٹر ٹریٹ منٹ پلانٹ لگانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملتان کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر مستحق لوگوں کو کھانا مہیا کیا جائے رہا ہے۔
اس پر وزیر اعلی پنجاب نے جلال الدین رومی فاونڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہم نے پوری توجہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زندگی کو معمول کے مطابق لانے پر مرکوز کر رکھی ہے ۔جس کو ہم مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔