پاک امریکن تعلقات:برف پگھل گئی،پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتکاری کی واپسی ہو گئی۔ بلاول بھٹو زرداری۔۔ امریکہ کا پاکستان کیلئے مزید 10ملین ڈالر کی امداد کا اعلان

پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتکاری کی واپسی ہوگئی، بلاول بھٹو
نیویارک (سوسائٹی نیوز)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتکاری کی واپسی ہوگئی ہے، پاکستان امریکا دوستی زندہ باد۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتکاری کی واپسی ہوگئی ہے، جب ہم مل کرکام کرتے ہیں تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں، سیلاب میں 60 ملین ڈالر کی امریکی امداد پر شکر گزار ہیں، پاکستان امریکا دوستی زندہ باد۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں صرف0.8 فیصد حصہ ہے، لیکن پاکستان کو اس وقت موسمیاتی تبدیلی سے آنے والی بڑی تباہی کا سامنا ہے، مسلسل بارشوں سے100 کلومیٹر طویل جھیل وجود میں آئی، ماحولیاتی انصاف پر امریکا پاکستان کی مدد اور تعاون کرے، دنیا میں سبز انقلاب لانے کا وقت آپہنچا ہے۔

امریکا کا پاکستان کیلیے مزید 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرین کیلیے مزید 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں، ملاقات کے دوران ٹونی بلنکن نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جب کہ بلاول بھٹو نے امریکی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔