اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی اہلیہ دعا بھٹو کا خلع کا دعوی اور بیٹے کی حوالگی کیلئے عدالت سے رجوع

اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی اہلیہ دعا بھٹو کا خلع کا دعوی اور بیٹے کی حوالگی کیلئے عدالت سے رجوع
کراچی (سوسائٹی نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی اہلیہ دعا بھٹو کی جانب سے خلع کا دعویٰ دائر کرنے کی وجوہات سامنے آگئیں۔
دعا بھٹو کی جانب جمع کرائے گئے خلع کے دعوے میں کہا گیا ہے کہ 2018 میں حلیم عادل شیخ سے شادی ہوئی تھی، پانچ لاکھ روپے حق مہر مقرر کیا گیا تھا جو تاحال ادا نہیں کیا گیا، نکاح نامہ حلیم عادل شیخ کے پاس ہے جو آج تک مجھے نہیں فراہم کیا گیا۔
خلع کے دعوے کے مطابق 10 ستمبر 2019 کو ہمارا بیٹا کامل حلیم پیدا ہوا، حلیم عادل شیخ کی پہلی شادی کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا، حلیم عادل شیخ کی پہلی بیوی اور بچے میری زندگی میں مداخلت کرتے ہیں۔
عدالت میں جمع کرائے گئے دعوے کے مطابق روز بروز حلیم عادل کا شیخ کا رویہ تبدیل ہو رہا ہے، حلیم عادل شیخ مجھے نظر انداز کرتے رہے ہیں، حلیم عادل شیخ بدتمیزی اور ذہنی طور پریشان اور ٹارچر کرتے رہے ہیں، حلیم عادل شیخ نے میری زندگی تباہ کردی ہے۔
دعا بھٹو نے اپنے دعوے میں مزید کہا کہ حلیم عادل شیخ کا رویہ نامناسب ہے، ان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی، حلیم عادل شیخ نے اپنی پہلی دو بیویوں کو بنگلوں میں رکھا ہوا ہے اور مجھے کرائے کے فلیٹ میں رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے اپنے خلع نامے میں عدالت سے استدعا کی حلیم عادل سے خلع دلوائی جائے اور 5 لاکھ روپے ماہانہ خرچ بھی دینے کا حکم دیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی اہلیہ دعا بھٹو نے خلع کے دعوے کے بعد بیٹے کی حوالگی کے لیے بھی درخواست دائر کر دی۔
دعا بھٹو کی جانب سے ملیر کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں بیٹے کی حوالگی کے ساتھ بیٹے کی سربراہ مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیٹے کامل حلیم کی کسٹڈی مستقل طور پر میرےحوالے کی جائے، بیٹے کی رہائش کی مد میں 2 لاکھ روپے ماہانہ ادا کیے جائیں اور کمسن بیٹے کامل حلیم کی سربراہ مقرر کیا جائے۔
دعابھٹو نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ بیٹے کامل کو پاکستان اور ملک سے باہر کہیں بھی لے جانے کی اجازت مجھے دی جائے۔
اس کے علاوہ عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ سے میرا اصل شناختی کارڈ، بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ اور ب فارم بھی واپس دلوایا جائے۔
- یاد رہے کہ دعا بھٹو نے گزشتہ روز ملیر کورٹ میں اپنے شوہر حلیم عادل سے خلع کے لیے درخواست دائر کی تھی۔