بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ورنہ حکمران عوامی ردعمل کیلئے تیارہو جائیں۔ کرامت علی شیخ

ملتان (سوسائٹی نیوز)
پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل وصدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت اور اضافی ٹیکس نے پہلے ہی سفید پوش طبقہ کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اب ایک بار پھر بجلی کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے اضافہ غریب عوام کی ہڈیاں تک نچوڑنے کے مترادف ہے۔ بجلی قیمت میں فوری کمی کی جائے ورنہ حکمران عوامی ردعمل کیلئے تیار ہو جائیں۔آ ئے روز آ ئی ایم ایف کا ڈرامہ رچاکر ملک کی بائیس کروڑ سے زائد غریب عوام کو بیوی بچوں سمیت خودکشیوں پر مجبور کیا جا رہا ہے لیکن ایوانوں میں بیٹھے تمام جماعتوں کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے ۔
بھوک وافلاس میں مبتلا تین کروڑ سے زائد بے گھر متاثرین سیلاب زدگان دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں حالانکہ ملک و بیرون ممالک سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے جتنی امداد آ ئی ہے نئے سے نئے شہر بس سکتے ہیں ۔سندھ،بلوچستان،کے پی کے سمیت جنوبی پنجاب میں سیلاب زدگان بےیار ومددگار پڑے نظر آ رہے ہیں لیکن انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔
پی ایس پی کے کارکنان قائدین چیئرمین سید مصطفی کمال۔صدر انیس قائم خانی کی قیادت میں سیلاب زدگان کی اپنی مدد آپ کے تحت امداد اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔