ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کینسر کے مریضوں کیلئے اچھی خبر

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کینسر میں مبتلا مریضوں کے لئے اچھی خبر،
نشتر ہسپتال کے کینسر سینٹر میں جلد پیٹ سکین اور سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کروا دی جائیگی،
بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی جلد شروع کرنے کا عزم،
سربراہ پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود کا ویڈیو پیغام
ملتان (سوسائٹی نیوز)
نشتر ہسپتال میں شعبہ امراض کینسر نے 1959 میں علاج کی سہولیات دینا شروع کی جبکہ 1975 میں پہلی مشین انسٹال ہوئی جس کے ذریعے باقاعدہ کینسر کے مریضوں کا علاج شروع کیا گیا اور پھر 2006 میں اس مشین کو نئی جدید مشین سے تبدیل کیا گیا ،بعدازاں مختلف حکومتوں کے دوران کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا اعلان ہونے کے باوجود تعمیراتی کام لٹکا رہا اور بالآخر ایک سال قبل باقاعدہ کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر بن کر تیار ہوا جس میں پہلے سے خرید کی گئی جدید مشینوں لینئر ایکسلیریٹر ، سی ٹی سیمیولیٹر، ڈیجیٹل سیمیولیٹر سمیت میمو گرافی کلر ڈاپلر کو انسٹال کیا گیا اور گزشتہ دنوں برین ٹیومر کے مریض کا شعاؤں کے ذریعے جدید طریقہ سے پہلی بار علاج کیا گیا۔
نشتر ہسپتال کے کینسر سینٹر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود کی جانب سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کراچی کے بعد پاکستان میں دوسری جگہ نشتر ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لئے سائبر نائف ٹیکنالوجی کو جلد متعارف کروایا جا رہا ہے جبکہ پیٹ سکین مشین کی منظوری بھی ہو چکی ہے جو جلد انسٹال کر کے کینسر کے مریضوں کے علاج میں بہت مدد ملے گی۔
نشتر ہسپتال کے کینسر سینٹر میں مرض کی تشخیص سمیت علاج کی تمام سہولیات جیسے کیمو تھراپی ،ریڈیو تھراپی سمیت دیگر سہولیات موجود ہیں، اس وقت تک کینسر سینٹر نشتر ہسپتال میں مریضوں کو ریڈی ایشن کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ کیمو تھراپی میں استعمال ہونے والی ادویات میں سے جو موجود ہوں وہ مفت فراہم کی جاتی ہیں، مخیر افراد سمیت کینسر سوسائٹی بھی غریب مریضوں کیلئے بڑھ چڑھ کر عطیہ کرتے ہیں۔
فی الحال انڈور میں کینسر کے 28 مریضوں کو داخل کر کے علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاہم حکومت نے اب 100 بستروں تک کی فراہمی کر دی ہے جسے جلد فعال کر دیا جائیگا۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی جلد ملتان میں شروع کرنے کا عزم ہے جس سے 100 فیصد تک کینسر کے مریضوں کا علاج نشتر ہسپتال میں ہی ممکن ہو جائیگا۔اس حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے پنجاب حکومت ، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف ، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو اپنے اساتذہ اور دیگر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس خواب کی تکمیل میں ان کا ساتھ اور رہنمائی فراہم کی۔