چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قبول کروں گا،حکومت نے عام انتخابات کا اعلان نہ کیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر آنے کی کال دوں گا۔ عمران خان

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قبول کروں گا،حکومت نے عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر آنےکی کال دوں گا۔عمران خان
گوجرانوالہ(سوسائٹی نیوز)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جو بھی فیصلہ کریں گے قبول کروں گا، اگر حکومت نے عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر آنے کی کال دوں گا ، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ، عوام ان سے زبردستی الیکشن کروائیں گے۔گوجرانوالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے وکلا کے ذریعے مجھے پیغام بھیجا کہ اس پر تشدد کیا گیا، شہبازگل نے کہا کہ اگر ریمانڈ پر بھیج دیا تو ذہنی طور پر برداشت نہیں کرسکوں گا، شہبازگل کوئی قاتل یا دہشت گرد نہیں ہے، امریکی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کئی زبردست فیصلے کیے ہیں ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جو بھی فیصلہ کریں گے قبول کروں گا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں کسی ملک سے ڈکٹیشن لینے پر تیار نہیں تھا اس لیے ہٹایا گیا، بھارت 40 فیصد کم قیمت پر روس سے تیل خرید رہا ہے، روسی صدر کو کہا تھا کہ یوکرین جنگ سے تیل کی قیمت مزید بڑھ جائے گی، روسی صدر کویہ بھی بتایا تھا کہ پاکستان کو سستا تیل اور گندم چاہیے اس پر وہ مان گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر آنے کی کال دوں گا، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ، عوام ان سے زبردستی الیکشن کروائیں گے۔سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی اور چوروں کو مسلط کیا گیا، امریکا کے ڈر سے اس حکومت نے روس سے سستا تیل اور گندم نہیں لی۔
ہمارے دور میں بجلی 18 روپے اور آج 55 روپے یونٹ ہے ، کونسی قیامت آئی تھی جو اتنی مہنگائی ہوگئی، ساڑھے تین سال انھوں نے ہمارے خلاف صرف مہنگائی پر شور کیا، وہ صحافی وہ لفافے والے سب سے پوچھتا ہوں آج مہنگائی کیوں نظر نہیں آرہی؟ آٹا ہمارے دور میں 50 روپے تھا اور آج سو روپے کلو پر پہنچ گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہےکہ پاکستان کی معیشت سکڑتی جارہی ہے، جن لوگوں نے سازش کرکے ان کو مسلط کیا، کیا ان کو پاکستان کی فکر نہیں ؟یہ جو اوپر بیٹھے ہیں کیا کوئی سمجھتا ہےکہ یہ ملک کو دلدل سے نکال سکتے ہیں؟ ملک کی حقیقی آزادی کے لیے جان دینےکو تیار ہوں، ڈسٹرکٹ کی تنظیموں کو لکھا ہے کہ لوگوں کو متحرک کرو، آپ کو کال دوں گا کبھی بھی، سارے پاکستان کو کال دوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ سڑکوں پر آکر زبردستی الیکشن کرائیں گے، ملک پر مسلط چور اور ڈاکو کسی بھی طرح مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا: ’معلوم نہیں میرے خلاف کتنی ایف آئی آر درج کرا دی گئیں، یہ لوگ مجھے پکڑنے بنی گالہ آ رہے تھے، جیل کے لیے بیگ تیار کرلیا تھا، جیل تو چھوٹی چیز ہے، حقیقی آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں، پانچ ماہ میں جو دیکھا اب نتیجے پر آگیا ہوں کہ پوری قوم تیار بیٹھی ہے‘۔
عمران خان نے کہا کہ شفاف الیکشن اگر یہ نہیں کرائیں گے تو لوگ سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں، جیسے ہی کال دوں گا پوری قوم نے نکلنا ہے، یہ لوگ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور ضمنی الیکشن بھی ملتوی کروا دیے، انہیں خبر ہوگئی تھی کہ جس طرح یہ ہارے ہیں اس سے بھی برے ہاریں گے۔