جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔ عمران خان

جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا،عمران خان
اسلام آباد(سوسائٹی نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان آئندہ جمعے کو کریں گے اور اس کی دیگر تفصیلات بھی جلد بتا دی جائیں گی۔
بنی گالا اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کیا سمجھتےہیں کہ مجھےگرفتارکرلیں گے تو کیا لانگ مارچ نہیں ہوگا؟ کیا لوگ خاموش ہوکر گھر بیٹھ جائیں گے؟
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پرکوئی ٹوئٹ کردے تو اس کی پھینٹی لگا کر اگلے دن گھر بھیج دیتے ہیں، لوگوں کو اٹھا کر کہا جاتا ہے کہ عمران خان کے خلاف بیان دو، شہباز گل پردباؤ ڈالا گیا کہ کہو آپ کو عمران خان نے ایسا کہنے کی ہدایت کی تھی،
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی پر ایسی پابندیاں لگائیں گے تو کون یہاں بات کرے گا، یہ سب ان چوروں کیلئے ہورہا ہے جن پراربوں روپے کے کیسز ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہےکہ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نظر نہیں آرہا، آئندہ ہفتے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا۔
اسلام آباد میں سینیٹر اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ بیک ڈورچینل سے تو ہمیشہ بات چیت ہوتی رہتی ہے، سیاسی جماعتیں تو ہمیشہ بیک ڈور چینل سے مذاکرات کرتی رہتی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے انتخابات کی کوئی امید نظر نہیں آرہی، جمعرات یا جمعےکو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا، ہمیں مذاکرات کس چیز کے لیے کرنے ہیں، ہم انتخابات چاہتے ہیں، لانگ مارچ پرامن ہوگا، ہمارے لانگ مارچ میں لوگ انجوائے کریں گے،کوئی تشدد نہیں ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب سے یہ آئے ہیں تحریک انصاف کو کرش کرنے میں لگے ہیں ، پی ٹی آئی کے احتجاج کرنےوالے کارکنوں پر ظلم کیا گیا،جرائم پیشہ لوگوں کو ایک سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا ہے،کبھی سیاسی لوگوں پر ایسا ظلم نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کے ساتھ ہر فورم پر جائیں گے، اعظم سواتی کے گھر کسی وارنٹ کے بغیر داخل ہوئے، چادر اور چار دیواری کا احترام پامال کیا گيا ، جرم کیا تھا؟ بڑے آدمی پر تنقید کردی ، سب سے بڑی خوفناک بات یہ ہےکہ گرفتار کرنے والوں نے اعظم سواتی کو کسی اور کے حوالے کیا، چیف جسٹس ایف آئی اے والوں کو بلائيں اور پوچھیں اعظم سواتی کو کس کے حوالے کیا تھا جنہوں نے برہنہ کرکے ان پر تشدد کیا۔