عمران خان نے خواتین کو شعور دیا،اختیارات دیئے۔ محترمہ مہر بانو قریشی

ملتان(سوسائٹی نیوز )
این اے 157 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہربانو قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے خواتین کو شعور دیا‘ خواتین کو اختیارات دیئے‘ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں خواتین کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے۔ خواتین کی نمائندہ ہوں۔ این اے 157 کی نمائندہ منتخب ہونے کے بعد خواتین کی بھر پور نمائندگی کرونگی۔ تحریک انصاف کی بنیادی ورکر ہوں۔ سیٹ جیت کر عمران خان کے نظریہ کو مزیدمضبوط کرونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں جن میں کوٹلہ مہاراں‘ 18 ایم آر‘ جھوک لشکرمیں مختلف مقامات پر خواتین کی کارنرمیٹنگز اور ڈور ٹو ڈور الیکشن کمپیئن میں خواتین کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا میرا خاندان 40سال سے ملکی سیاست میں سرگرم ہے۔ ہمیں اقتدار اور عہدے کی خواہش نہیں۔ میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی‘ میرا بھائی زین قریشی ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی نے اصولوں کی سیاست کی۔ اور 2011ء میں اصولوں کی سیاست پر کاربند رہتے ہوئے وزارت کو ٹھوکر ماری۔ عمران خان نے جب اسمبلی سے استعفے دینے کااعلان کیاتو سب سے پہلے میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی اور میرے بھائی زین قریشی نے استعفے جمع کروائے۔ مجھے اور میرے خاندان کو کرسی کا لالچ نہیں۔ عمران خان کے نظریہ اور مشن کو آگے بڑھانے کیلئے سیاست میں آئی ہوں اور انشاء اللہ سیٹ جیت کر عمران خان کو تحفہ پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ اصولوں‘ روادری‘ اخلاق کی سیاست کی۔ میرے مد مقابل امیدوار پیسے کے بل بوتے پر سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورہ اقتدار میں اربوں روپے کی کرپشن کی۔ ہمارا دامن صاف ہے کوئی شخص ہمارے اوپر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ عوامی ترقی کے قائل ہیں۔ جب بھی موقع ملا میرے خاندان نے تمام وسائل حلقے کی ترقی پر خرچ کئے۔ اور انشاء اللہ آگے بھی موقع ملا تو تمام وسائل حلقے کی ترقی پر خرچ کرکے عوام کی محرومیاں دور کریں گے اور حلقے کو مثالی حلقہ بنائیں گے۔حلقے کی عوام اور بلخصوص خواتین کا معیار زندگی بلند کرنے اور خواتین کی ترقی کیلئے آواز بلند کرونگی۔
اس موقع پر مہر بانو قریشی کا کہنا تھا کہ میرے خاندان کا این اے 157کی عوام سے محبت اور عزت کا تعلق ہے۔ جسے نبھانے کیلئے سیاست میں آئی ہوں اور انشاء اللہ نبھاؤں گی۔حلقے میں الیکشن کمپیئن کیلئے جس جگہ جاتی ہوں خواتین اور بزرگو ں کی طرف سے بھر پور پذیرائی ملتی ہے۔جس پر حلقے کی عوام کی شکر گزار ہوں۔ انشاء اللہ 11ستمبرکا دن تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر آئیگا۔ تقریب میں حلقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ۔۔بڑی تعداد شریک تھیں