اسلام آباد ہائیکورٹ:چھٹی کے روز عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ: چھٹی کے روز عمران خان کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد(سوسائٹی نیوز)
خاتون جج سے متعلق بیان کے کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون جج سے متعلق بیان کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے اتوار چھٹی کے روز بھی کھلنے والی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی، جس پر عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت 7 اکتوبر تک منظور کی ہے، عدالت نے عمران خان کو 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، اور عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی، خیال رہے کہ عمران کو بغیر پیش ہوئے آج دوسری بار عبوری ضمانت مل گئی۔
عمران خان کی جانب سے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست کے ساتھ ساتھ وارنٹ منسوخی کی درخواست بھی تیار کی گئی ہے، عمران خان کی جانب سے بائیو میٹرک سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عبوری ضمانت منظور کی، عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا گیا، سماعت جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے۔
ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا، تاہم دہشت گردی کی دفعہ نکلنے کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت سے عبوری ضمانت غیر مؤثر ہو گئی ہے۔
درخواست میں عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد اور بدنیتی کی بنیاد پر میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، پولیس بھی حکومت کا ٹول بن کر کام کر رہی ہے، عدالت درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرے۔
واضح رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔