عمران خان کا بیانیہ قوم کی آواز بن چکا ہے،امپورٹڈ حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع،انہیں گھر جانا پڑے گا۔ شاہ محمود قریشی کا قربان فاطمہ کے ظہرانے کی تقریب سے خطاب

ملتان( سوسائٹی نیوز )
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ قوم کی آواز بن چکا ہے۔ قوم جان چکی ہے عمران خان حق اور سچ پر ہیں اور قوم نے فیصلہ کیا ہے کہ حق اور سچ کا ساتھ دینا ہے۔ پنجاب کی عوام نے 17جولائی کو پی ڈی ایم کو مسترد کرکے امپورٹڈ حکمرانوں کوتسلیم نہ کرنے کا پیغام دیا۔ 16اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کرنے کا پیغام جائے گا۔عوامی مینڈیٹ کے برعکس امپورٹڈ حکمران اقتدار سے زبردستی چمٹے ہوئے ہیں۔ انہیں گھر جانا ہوگا۔ الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے۔ حکمران بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کس سمت جائیں۔ امپورٹڈ حکمران بے سمتو ں کے مسافر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی خواتین ونگ کی مرکزی نائب صدر قربان فاطمہ کے زیر اہتمام منعقدہ ظہرانہ / استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظہرانہ میں سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک‘ اراکین صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ ندیم قریشی‘ راؤ آصف‘ اشرف ناصر خان‘ ملک ظہیر اعوان‘ میا ں فاروق‘ طاہر قریشی‘ احسان سندھو‘ شیخ مظہر عباس‘ شیخ ندیم احمد‘ عقیل کھوکھر سمیت دیگر شخصیات موجود تھے۔
انہوں نے کہا حکمرانوں پر بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے۔ انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔ انتقامی کاررائیوں میں امپورٹڈ حکمرانوں نے آمر حکمرانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اور آمریت دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ ہم لوگ مقدمے اور گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فسطائی حکومت کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ تحریک انصاف پی ڈی ایم کے لٹیروں اور چوروں کیلئے میدان خالی نہیں کریگی۔ قوم حقائق جانتی ہے کون حق اور سچ پر ہے۔ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکمرانوں کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ این آر او ٹو دیا جائے۔ عمران خان نے لٹیروں اور قومی مجرموں کو این آر او دینے سے انکار کیا۔ جس قسم کے حالات سامنے آرہے ہیں واضح ہو رہا ہے یہ تمام حالات ایک سلسلے کی کڑی ہیں۔ قوم دیکھ رہی ہے پی ڈی ایم جس مقصد کیلئے اقتدار میں آئے اس مقصد کی طرف بتدریج بڑھ رہے ہیں۔ این آر او ٹو دینے کا سفر جاری ہے۔ عمران خان کے این آر او سے انکار کے بعد رجیم چینج آپریشن کے ذریعے اقتدار میں لایا گیا۔ اب ایک سٹیج تیار کیا جارہا ہے جس میں ایک اور قومی مجرم اور سزا یافتہ نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا این اے 157 کا انتخاب کچھ دن بعد ہونے والا ہے۔ مختلف یونین کونسلوں میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جانا ہو رہاہے۔ عوام جھولیاں اٹھا کر امپورٹڈ حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ ان لوگوں نے 5ماہ میں ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے شروع کئے گئے فلاحی اقدامات روک دیئے گئے۔ ان کے پاس نہ تو حکومت چلانے کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی معیشت کی بہتری کا کوئی منصوبہ ہے۔ 16اکتوبر کو این اے 157 کی عوام لٹیروں کو واضح اکثریت سے مسترد کریں گے۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا پاکستان پر لٹیروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کرکے ملکی ترقی کا سفر روک دیا گیا ہے۔ پاکستان کی عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ لوٹوں اور لٹیروں کو گھر بھیج کر ایک بار پھر عمران خان کو ملک کا وزیراعظم بنانا ہے۔ وقت آنے والا ہے عمران خان ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم ہونگے۔ انہوں نے کہا ملتان کی غیور عوام ایک بار پھر فیصلہ کریں کہ این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں ملک بچانے والوں کو سامنے لانا ہے یا ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو۔ ان لوگوں نے قومی خزانے کو لوٹ کر ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ عوام جان چکے ہیں عمران خان کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاسکتی ہے۔ تقریب سے میزبان قربان فاطمہ ودیگر شخصیات نے خطاب کیا۔ اس موقع پر این اے 157 کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملتان: پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ کی جانب سے مخدوم شاہ محمود قریشی اور ملک عامر ڈوگر کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی‘ ملک عامر ڈوگر‘ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک‘ ندیم قریشی‘ حاجی جاوید اختر انصاری‘ میاں فاروق‘ اشرف ناصر خان‘ شیخ طاہر‘ احسان سندھو‘ ملک ظہیر اعوان ودیگر شخصیات شریک ہیں