پیاز اور ٹماٹر کی مارکیٹ میں مناسب نرخوں پر دستیابی کے لیے اقدام

پیاز اور ٹماٹر کی مارکیٹ میں مناسب نرخوں پر دستیابی کے لئے اقدام
ملتان ( منیر شاہین/سوسائٹی نیوز )
وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت پیاز اور ٹماٹر کے درآمدی پرمٹ 24 گھنٹوں میں جاری کرے گی۔ وزارت نے ایف بی آر کو پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس اور لیویز اگلے 90 دنوں کے لئے معاف کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ توقع ہے کہ اسے ایف بی آر فوری طور پر اس تجویز کو عمل میں لے کر آئے گا۔ یہ اقدامات بازار میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق درآمد کنندگان کو پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ وزارت قومی خوراک اور تحفظ نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن (DPP) کو ہدایت کی ہے کہ وہ درآمد میں سہولت فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ درآمد کنندگان کے لیے کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق نے صارفین کو ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
مزید برآں، درآمدات کی سہولت کے لیے ایک رابطہ گروپ بنایا گیا ہے، جہاں درآمد کنندگان اپنے مسائل سے آگاہ کر سکیں گے۔ جبکہ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق کی ایک ٹیم صورتحال کی نگرانی کرے گی اور ازالے کے لیے ضروری کارروائی کرے گی۔
وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق نے مذکورہ بالا فیصلے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے ہیں کہ پیاز اور ٹماٹر مارکیٹ میں صارفین کو مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں۔ ایران، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں سے درآمدات میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔
وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق سب اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے وقت میں ضروری اقدامات کرتی رہے گی جب حالیہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔