چلڈرن ہسپتال ملتان کی ایم آر آئی مشین کئی روز سے خراب،مریض پریشان،عوامی سماجی حلقوں کا اصلاح احوال کا مطالبہ

ملتان ( سوسائٹی نیوز)
محکمہ صحت کی عدم دلچسپی،چلڈرن کمپلیکس ملتان کی ایم آر آئی مشین کئی روز سے خراب، مریض ولواحقین دھکے کھا کر پرائیویٹ لیبارٹریوں کا رخ کرنے پر مجبور ہونے لگے۔
تفصیل کے مطابق محکمہ ہیلتھ عوام کو علاج ومعالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔چلڈرن ہسپتال ملتان میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے مریض اپنے پیاروں کے علاج کے لیے ہسپتال میں آتے ہیں۔لیکن کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے سرکاری ہسپتال آنے پر جدید دور میں سہولیات کے فقدان سے مریض ذلیل و خوار ہوکر رہ جاتے ہیں۔چلڈرن ہسپتال ملتان میں ایم آر آئی مشین کی اے ایم سی نہ ہونے سے ایک ماہ سے بند پڑی ہے۔جس کے باعث مریض سرکاری ہسپتال اور پرائیویٹ لیبارٹریوں کے درمیان شٹل کاک بن کر رہ گئے۔

ذرائع کے مطابق ایم آر آئی مشین خراب رہنے سے دماغ اور کمر کے مہروں میں مبتلا بچے اور انکے لواحقین بیحد متاثر ہو رہے ہیں۔مہنگائی کی چکی میں پسی عوام بھاری رقم دے کر پرائیویٹ لیبارٹری سے ایم آئی آر کرانے پر مجبور ہیں
۔عوامی و سماجی حلقوں نے سیکرٹری ہیلتھ اور ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لے کر جلد اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے چلڈرن ہسپتال ملتان ہیڈ آف ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر امین نے موقف دینے سے انکار کردیا جبکہ چلڈرن ہسپتال ملتان کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر احسن اللہ کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے اور ایم آئی آر مشین کی مینٹینس کراکے بہت جلد چالو کر دی جائے گی۔