عوام ایک بار پھر عمران خان کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں،این اے 157 کی عوام سے تعلق نبھانے کیلئے آپ کے درمیان ہوں۔ مہربانو قریشی

ملتان( سوسائٹی نیوز )
تحریک انصاف کی رہنما محترمہ مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کے دلو ں میں رہتے ہیں۔ عوام نے عمران خان کے بیانیہ کو تسلیم کیا۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی بہت بڑی کامیابی یہی ہے کہ لانگ مارچ کو عوام کی جانب سے بھر پور پذیرائی مل رہی ہے۔ عمران خان کا بیانیہ عوام کی اکثریت سے مطابقت رکھتا ہے۔ پاکستان کے عوام عمران خان کو ایک بار پھر ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام اپنا چوری شدہ مینڈیٹ واپس لیکر تحریک انصاف کو دیں گے اور عمران خان ایک بارپھر ملک کے وزیراعظم ہونگے۔ اور ملکی ترقی کا رکا ہوا سفر دوبارہ اسی جوش و جذبہ سے شروع ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل ڈمرہ میں اکرم خان بلوچ کی رہائش گاہ پر خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا عمران خان مفادات کی نہیں، اقتدار کی نہیں بلکہ ملکی بقاء اور ہماری آنے والی نسلوں کیلئے جنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے ملکی بقاء کیلئے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی۔ اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ اس حقیقی آزادی کی تحریک میں عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں۔انہوں نے کہا اب وقت آگیا ہے قوم کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔ عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ایک سازش کے تحت عمران خان کو اقتدار سے الگ کرکے امپورٹڈ حکمرانوں کو لایا گیا۔ امپورٹڈ حکمرانوں کے 6 ماہ میں ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے اور ملک اندھیروں میں چلا گیا ہے۔ ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے عمران خان کو لانا ہوگا۔ عمران خان کی ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس نہ تو ملکی معیشت کی بحالی کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی حکومت چلانے کی اہلیت۔ یہ لوگ صرف اپنے اقتدار کو طول دینے اور اپنے خلاف کرپشن کے کیسز کو ختم کرنے کے لئے اقتدار میں آئے ہیں۔ انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا این اے 157 کی عوام سے دیرینہ تعلق ہے اسی تعلق کو نبھانے کے لئے حلقے کی عوام کے درمیان ہوں۔ حلقے کی عوام اور بلخصوص خواتین نے ضمنی الیکشن میں میرا بھر پور ساتھ دیا۔ میں عمران خان کے نظریہ کا ساتھ دینے اور ضمنی الیکشن میں ساتھ نبھانے پر حلقے کی خواتین کی بے پناہ مشکور ہوں۔ حلقے کے عوام سے کل بھی تعلق تھا اور آج بھی تعلق ہے۔ اسی تعلق کی تجدید کیلئے حلقے کی عوام سے رابطے میں ہوں۔ حلقے کی ترقی کیلئے جو کچھ ہو سکا کروں گی اور بلخصوص حلقے کی خواتین کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرونگی۔
انہوں نے کہا میں نے الیکشن سے قبل کہا تھا کہ میں اس حلقے میں تعلق نبھانے آئی ہوں۔اور آج اپنے کہے کے مطابق حلقے کے عوام سے تعلق نبھانے کیلئے آئی ہوں اور بار بار آتی رہوں گی۔ وہ حلقے کی خواتین میں گھل مل گئیں۔ حلقے کی عوام نے آمد پر محترمہ مہر بانو قریشی کا شکریہ ادا کیا#
ملتان: محترمہ مہر بانو قریشی یونین کونسل ڈمرہ میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کر رہی ہیں