وزیراعظم شہباز شریف کی کنگ چارلس سے ملاقات،ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر اظہار تعزیت

وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن میں کنگ چارلس کی طرف سے معزز مہمانوں کے لیے دیے گئے استقبالیہ کے دوران بادشاہ چارلس سے ملاقات۔ملکہ الزبتھ کے انتقال پر اظہار تعزیت
لندن(سوسائٹی نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کے کنگ چارلس سے ان کی والدہ محترمہ ملکہ الزبتھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کہا کہ آنجہانی ملکہ دولت مشترکہ کے شہریوں کے لیے تحریک اور طاقت کا ذریعہ تھیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے پاس آنجہانی ملکہ کے پاکستان کے دو دوروں کی اچھی یادیں ہیں۔ شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا۔
پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے وزیراعظم نے تخت پر فائز ہونے پر عزت مآب کنگ چارلس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دولت مشترکہ ممالک کے مابین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے آنجہانی ملکہ کا بہت احترام کیا اور جلد از جلد پاکستان میں ان کے استقبال کے منتظر تھے۔
وزیر اعظم نے شاہی خاندان کی جانب سے غیر معمولی سیلاب کے تناظر میں اظہار ہمدردی اور مدد پر برطانوی بادشاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ برطانوی حکومت اور عوام دونوں کی طرف سے پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے ہمدردی اور مدد کو پاکستان میں بے حد سراہا گیا۔