
- ممنوعہ فنڈنگ کیس، اسد قیصر،محمودالرشید،عمران اسماعیل و دیگر ایف آئی اے میں طلب
اسلام آباد (سوسائٹی نیوز)
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،سابق صوبائی وزیر پنجاب میاں محمود الرشید ،سابق گورنر عمران اسماعیل اور ایم پی اے سیما ضیا کو طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے ملک بھر میں متحرک ہوگئی ہے۔

ایف آئی اے نے سیما ضیا کو 12 جب کہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 15 اگست کو طلب کیا ہے جہاں 5 رکنی کمیٹی تحقیقات کیلیے ان کے بیانات قلمبند کرے گی۔
کمیٹی تحقیقات کی تفصیلات ہیڈ کوارٹر میں قائم کمیٹی سے شیئر کرے گی۔
دوسری جانب اس حوالے سے پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی سیما ضیا کا کہنا ہے کہ انہیں یا تحریک انصاف کے دیگر عہدیداروں کو تاحال ایف آئی اے کی طرف سے کوئی لیٹر موصول نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کے احکامات کے بعد ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے ایف آئی اے ملک بھر میں متحرک ہوگئی ہے۔
ایف آئی اے پشاور انکوائری افسر کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو 11 اگست کو خیبر پختوانخواہ آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما میاں محمود الرشید کو بھی 11 اگست کو ایف آئی نے طلب کرلیا ہے۔