crossorigin="anonymous"> فوری اور شفاف انتخابات ملکی ضرورت ہیں،مہنگائی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی مشترکہ حکومت کا تحفہ ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی - societynewspk

فوری اور شفاف انتخابات ملکی ضرورت ہیں،مہنگائی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی مشترکہ حکومت کا تحفہ ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی

گوجر خان( سوسائٹی نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی پی پی اور ن لیگ کی مشترکہ حکومت کا تحفہ ہیں۔ ہمارے اوپر مہنگائی کے حوالے سے انگلیاں اٹھائی جاتی تھیں۔ گوجر خان کی عوام بتائیں ہمارے دور میں مہنگائی زیادہ تھی یا گزشتہ 6ماہ میں؟ 6ماہ میں بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ ایک کروڑ 20لاکھ افراد بے روزگار ہوئے۔ عوام کے گھروں کے چولہے بھج گئے۔ ملک جو پہلے مقروض تھا گزشتہ 6ماہ میں ساڑھے 6ہزار ارب روپے کا مزید مقروض ہوا۔

گزشتہ 40سال میں 37سال ملک میں پی پی اور ن لیگ کی حکومت رہی۔ 3سال ہماری حکومت رہی۔ 37سال کے قرضوں کی ذمہ داری کس کی بنتی ہے۔ 37سال ملک پر اقتدار کرنے والے 3سال اقتدار کرنے والوں سے حساب مانگ رہے ہیں۔ملک پر 37سال تک حکومت کرنے والوں کااحتساب کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گوجر خان میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر، مخدومزادہ زین حسین قریشی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، اراکین صوبائی اسمبلی عمر بٹ، چودھری عظیم، چودھری جاوید کوثر، چودھری ساجد، راجہ طارق کیانی، کرنل (ر) شبیر اعوان، مسز مسرت جمشید چیمہ اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی کنٹینر پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا فوری اور شفاف انتخابات ملکی ضرورت ہیں۔ قوم کو دلدل سے نکالنے کیلئے انتخابات نا گزیر ہیں۔ اگر امپورٹڈ حکمران انتخابات کروانے پر آمادہ ہیں تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ لیکن بلا وجہ مذاکرات کے قائل نہیں۔ انہوں نے کہا ملکی معیشت اس وقت زوال پذیر ہے۔ جب عمران خان کو مداخلت اور سازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا تو اس وقت ملکی معیشت 6فیصد پر گروتھ کر رہی تھی۔ اس سال کے اختتام پر منفی 2فیصد گروتھ کا امکان ہے۔ اس کی ذمہ دار پی پی اور ن لیگ کی مشترکہ حکومت ہے۔

انہوں نے کہا امپورٹڈ حکمران تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہیں۔ اور الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن ان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔ ان کو نا چاہتے ہوئے بھی الیکشن کروانا ہونگے۔ یہ تو اقتدار سے زبردستی چمٹے ہوئے ہیں۔ نا چاہتے ہوئے بھی ان کو گھر جانا ہوگا۔ جو ملکی معاشی حالات چل رہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے یہ بہت جلد گھروں کو جلے جائیں گے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ اگلے بجٹ سے پہلے گھروں کو چلے جائیں۔ کیونکہ ان کے پاس عوام کو دینے کیلئے بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں۔

انہوں نے کہا ملک میں اس وقت جنگل کا قانون ہے۔ انصاف کی صورتحال یہ ہے سابق وزیراعظم کو کچہری سے انصاف نہیں مل رہا۔ اس لئے وہ عوام کی کچہری میں آئے ہیں فیصلہ عوام نے کرنا ہے لاہور سے لیکر آج گوجر خان تک عوام کی عدالت نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کرتے ہیں اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کل (ہفتہ) کو عمران خان راولپنڈی آنے اور اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ عوام سے درخواست ہے عمران خان کی کال پر یکجا ہو کر حقیقی آزادی کے قافلے میں شامل ہو کر عمران خان کا ساتھ دیں۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی گوجر خان پہنچے تو ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔

گوجر: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button