رانا ثناء اللہ جتنی مرضی رکاوٹیں،پابندیاں لگا لو،تحریک انصاف کا قافلہ اب نہیں رک سکتا،شاہ محمود قریشی

ملتان(سوسائٹی نیوز )
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ قافلہ رکا نہیں، قافلہ تھما نہیں، وزیر آباد حملے کے بعد دو کام ہوسکتے تھے یا ڈر کر رک جاتے، دوسرا حقیقی آزادی مارچ کو رواں دواں رکھنا۔ عمران خان نے فیصلہ کیا کہ ملکی بقاء کیلئے نکلنے والا کارواں اب رکے گا نہیں۔ رانا ثناء اللہ دیکھ لو منڈی بہاوالدین کے لوگ نہیں ڈرے ہوئے۔راناء ثناء اللہ دیکھ لو مجھے منڈی بہاء الدین کے کارکنوں نے خوف دیکھائی نہیں دیتا۔ منڈی بہاؤالدین والو! بلے پراتنی مہریں لگانی ہے تاکہ عمران خان کو دوتہائی اکثریت ملے، دوتہائی اکثریت ملے گی توعمران کوکوئی بلیک میل نہیں کرسکے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤ الدین میں حقیقی آزدای مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے حکومتی صفوں میں بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے۔ اسلام آباد کو نو گو ایریا بنایا جا رہاہے۔ تحریک انصاف کے پر امن قافلے سے امپورٹڈ حکمران گھبرا چکے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کہتا ہے میں نے سندھ سے پولیس منگوا رکھی ہے۔ میں نے ٹیئر گیس کے شیل منگوا رکھے ہیں۔ میں نے بدمعاشوں کی ڈیوٹی لگا دی ہے جو قافلے کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔ میں راناء ثناء اللہ سے کہتا ہوں تم جتنی مرضی رکاوٹیں، جتنی مرضی پابندیاں لگا لو۔ تحریک انصاف کا قافلہ اب رک نہیں سکتا۔ جابر حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کی عدالت میں آئے ہیں عوام ہمارے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا منڈی بہاوالدین کے باشعور اور غیور شہریوں میں چند گزارشات کیلئے حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے جی ٹی روڈ ہمارا ہے وہ سن لیں جی ٹی روڈ اب ان کا نہیں بلکہ تحریک انصاف نے جی ٹی روڈ کو فتح کرلیا ہے۔ جی ٹی روڈ پر عمران خان نے دیکھا لاہور، شاہدرہ، فیروزوالا، کامونکی، گکھڑ منڈی، گوجرانوالہ تمام جاگ رہے ہیں، خان نے کہا میرا بیانیہ پہنچ گیا، خان نے سمجھا جی ٹی روڈ ہٹ کر بھی تحریک انصاف کو کوئی جاننے والا ہے، ہم نے پھر منڈی بہاوالدین کا رخ کر لیا، منڈی بہاوالدین کے لوگ رانا ثنائاللہ کے خوف میں نہیں آئینگے۔ آج ہم تمام قومی و صوبائی اسمبلی ممبران سپریم کورٹ رجسٹری لاہور گئے، ہم نے چیف جسٹس اور معزز جسٹس کو استدعا کی ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، جب کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو قانون کے مطابق ایف آئی آر کروانے کا ہر کسی کو حق ہے۔انہوں نے کہا پولیس والے ہمارے بھائی،بیٹے سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
قبل ازیں لاہور میں سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان پرقاتلانہ حملے کے حقائق قوم کے سامنے آنے چاہییں۔ عمران خان پرقاتلانہ حملے، ارشد شریف قتل اور اعظم سواتی کے معاملے کی عدالتی تحقیقات کیلئے آئینی درخواست دائرکی ہے۔یہ آئینی پٹیشن عثمان بزدار سمیت دیگر قومی اور پنجاب اسمبلی کے اراکین کی جانب سے دائر کی گئی۔ ہم چاہتے پیں تینوں پرتوجہ دی جائے۔ عمران خان پرقاتلانہ حملے کے حقائق قوم کے سامنے آنے چاہئیں۔ عوام حقائق جانناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کراچی، اسلام آباد، پشاورکے اراکین اسمبلی نے نے بھی درخواستیں دائرکی ہیں۔ سپریم کورٹ سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا جاتا ہے وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ عمران خان حملے کے بعد مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ شکایت کنندہ نے 3 افراد کی نشاندہی کی لیکن مقدمہ درج نہیں ہوا۔انہوں نے کہا اعظم سواتی کی ویڈیوکی غیرقانونی ریکارڈنگ کاذمہ دارکون ہے۔؟ارشد شریف کوکینیا میں قتل کیاگیا۔ ارشد شریف معاملے پرمختلف کہانیاں سامنے آرہی ہیں۔ ارشد شریف قتل کی بھی تحقیقات کی جائیں۔ امید ہے چیف جسٹس ہماری درخواستوں پرپہلی فرصت میں سماعت کرینگے۔
انہوں نے کہا سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے آئینی درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں ایف آئی آئی آر میں نامزد ملزمان کے نام شامل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں اعظم سواتی کے واقعے پر کارروائی اورارشد شریف کے پسماندگان کی داد رسی کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست مخدوم شاہ محمود قریشی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سابق وفاقی وزیر شفقت محمود اور دیگر اراکین اسمبلی نے دائر کی۔ عثمان بزدار نے درخواست ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ اعجاز گورائیہ کے سپرد کی۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا کی موجودگی میں سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر ہی درخواست پر اپنے دستخط کیے۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری، شفقت محمود، عثمان بزدار، فرخ حبیب،ملک عامر ڈوگر، مخدومزادہ زین حسین قریشی، بیرسٹر ملیکہ بخاری، عندلیب عباس اور انصاف لائرز ونگ کے عہدیدادر بھی موجود تھے۔
لاہور:مخدوم شاہ محمود قریشی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں، فواد چودھری، فرخ حبیب، مخدومزادہ زین حسین قریشی، ملک عامر ڈوگر، عندلیب عباس، بیرسٹر ملیکہ بخاری ودیگر رہنما اس موقع پر موجود ہیں
منڈی بہا الدین: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں