رومی فاونڈیشن رمضان المبارک کے علاوہ بھی مستقل بنیادوں پر قلیوں کو راشن،صاف پانی اور کھانا فراہم کر رہا ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی

رومی فاونڈیشن رمضان المبارک کے علاوہ بھی مستقل بنیادوں پر قلیوں کو راشن،صاف پانی اور کھانا مہیا کر رہا ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی
ملتان(سوسائٹی نیوز)
رمضان المبارک میں جس طرح ہر عبادت کا ثواب کئی گنا زیادہ ملتا ہے۔اسی طرح ماہ صیام میں نیکیوں اور خلق کی خدمت کا اجر عام دنوں سے کہیں زیادہ ملتا ہے۔ محتاجوں یتیموں معذوروں غریبوں کے علاوہ سفید پوش طبقات کی امداد رمضان المبارک اور عید کے ایام سے قبل کرنا اس لئے ضروری ہے۔تاکہ ہر محروم طبقہ رمضان کی برکات اور خوشیاں منا سکے۔
ان خیالات کا اظہار جلال الدین رومی فاونڈیشن کے بانی سربراہ اور معروف سماجی شخصیت خواجہ محمد جلال الدین رومی نے ڈی ایس ریلوے ملتان کے دفتر میں قلیوں، بیواوں اور معذوروں میں رمضان راشن اور عیدی کی تقسیم کے موقعہ پر تقریب میں کیا۔
انھوں نے کہا ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالٰی نے ہمیں توفیق عطا کی کہ معاشرے کے ان طبقات کی اشک شوئی کر سکیں۔جو چوبیس گھنٹے رزق حلال کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں۔ریل کے قلی روزگار کے انتظار میں چوبیس گھنٹے گاڑیوں کی آمد کے منتظر رہتے ہیں۔کبھی روزگار ملتا ہے تو کبھی خالی ہاتھ گھر جاتے ہیں۔
رومی فاونڈیشن مستقل بنیادوں پر عام دنوں میں قلیوں کے لیے دسترخوان کا اہتمام کر رہی ہے۔اور دوسری جانب جب عوام رمضان المبارک کے آغاز میں کم سفر کرتی ہیں ۔ تو اس صورت حال پر قلیوں کی اشک شوئی کرنا ضروری ہے۔ اس لئے رومی فاونڈیشن رمضان المبارک کے علاوہ بھی مستقل بنیادوں پر ان کو راشن، صاف پانی اور کھانا مہیا کر رہا ہے۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے حماد حسن مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خواجہ جلال الدین رومی کا شکر گزار ہوں کہ رومی فاونڈیشن ایک عرصے سے قلیوں، ریلوے ملازمین کی بیوائیں، اور معذوروں کی امداد کر رہی ہے۔خاص طور پر کورونا کے دنوں میں جب قلیوں کے گھروں میں فاقوں سے زندگی تنگ تھی تو ایسے میں رومی فاونڈیشن نے ان کے طعام کا اہتمام کر کے جنت کمائی۔
ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن حماد حسن مرزا نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے پہلے 25 دن تک لوگ سفر نہیں کرتے۔جس وجہ سے قلیوں کی اکثریت مالی بحران کا شکار ہو جاتی ہے۔ہمارے ہاں عید سے پانچ دن پہلے لوگ سفر کرتے ہیں ۔تب تک یہ طبقہ کسی امداد کا منتظر ہوتا ہے۔ایسے میں خواجہ محمد جلال الدین رومی کا دم غنیمت ہے جنہوں نے اپنی خدمات کے دائرے میں ریلوے کے نادار خواتین و حضرات کو شامل کیا ہوا ہے۔جس وجہ سے یہ طبقہ رمضان المبارک کی عبادات سکون دل سے کرتا ہے۔
خواجہ محمد جلال الدین رومی نے مزید کہا کہ میں قلیوں اور بیواوں کے چہرے پر خوشی اور تشکر کے جو کلمات دیکھ رہا ہوں۔اس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ اصل عبادت یہی ہے کہ ہم مل کر محروم طبقات کی امداد کرتے رہیں تاکہ معاشرے میں غربت کے خاتمے کیلئے ہم بھی اپنے حصے کی شمع روشن کریں۔انھوں نے کہا مجھے آج قلیوں کے درمیان وقت گزار کر یہ احساس ہوا کہ وہ محنت کرنے والا اللہ کا دوست ہوتا ہے کہ جب راشن تقسیم کرنے کا عمل جاری تھا تو ان سب کے چہروں پر پھیلی خوشیوں نے میری عید سے پہلے عید کر دی۔