crossorigin="anonymous"> سرائیکی بہت میٹھی زبان ہے،میرے بزرگوں کی سرائیکی زبان کی ترقی کیلئے بہت خدمات ہیں۔گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان - societynewspk

سرائیکی بہت میٹھی زبان ہے،میرے بزرگوں کی سرائیکی زبان کی ترقی کیلئے بہت خدمات ہیں۔گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان

سرائیکی بہت میٹھی زبان ہے،میرے بزرگوں کی سرائیکی زبان کی ترقی کیلئے بہت خدمات ہیں۔گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان کی ظہور دھریجہ سے ملاقات میں اظہار خیال

ملتان (سوسائٹی نیوز)

سرائیکی بہت میٹھی زبان ہے، میرے بزرگوں کی سرائیکی زبان کی ترقی کیلئے بہت خدمات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن نے گورنر ہائوس لاہور میں سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر میاں بلیغ الرحمن نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے ایک دادا نے قرآن مجید کا پہلا سرائیکی ترجمہ کیا اور دوسرے دادا نے 1944ء میں دیوان فرید کو اردو ترجمہ اور شرح کے ساتھ شائع کرایا۔

انہوں نے کہا کہ سرائیکی قدیم، میٹھی اور چاروں صوبوں میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔ اس کی ترقی کیلئے حکومت ہر صورت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ڈی آفس بہاولپور کے لئے فنڈز کی فراہمی اور دفتر کو فنکشنل کرنے کیلئے سفارش کروں گا، انہوں نے کہا کہ موجودہ عوامی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔

ظہور دھریجہ نے ایمرسن کالج یونیورسٹی ملتان، غازی یونیورسٹی ڈی جی خان، خواتین یونیورسٹی ملتان، خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان، سرگودھا یونیورسٹی اور خواتین یونیورسٹی بہاولپور میں سرائیکی ڈیپارٹمنٹ کے قیام کیلئے الگ الگ درخواستیں دیں۔

اس موقع پر ظہور دھریجہ نے کہا کہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سالہا سال سے ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی ہو رہی ہے۔ وسیب کے کالجوں میں بھی سرائیکی پڑھائی جا رہی ہے۔ ضروری ہے کہ وسیب کی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی سرائیکی تعلیم و تحقیق کا اجراء کرایا جائے کہ کسی بھی یونیورسٹی کے قیام کا پہلا مقصد مقامی زبان و ادب کی ترویج اور اُس کے آثار پر تحقیق ہوتا ہے۔

ظہور دھریجہ نے یہ بھی درخواست پیش کی کہ سی ایس ایس کے امتحان میں سرائیکی پیپر کا اجراء کیا جائے کہ پنجابی، سندھی، بلوچی اور پشتو کے پیپر سی ایس ایس کے امتحان میں موجود ہیں مگر سرائیکی میں ڈگری حاصل کرنے والے سٹوڈنٹ کو اس کی ڈگری کے مطابق پیپر سے محروم کرنا بے انصافی ہے۔

گورنر نے تمام مسائل کو توجہ سے سنا اور اپنے پی اے کو ضروری احکامات صادر کئے۔ اس موقع پر ظہور دھریجہ نے گورنر کو سرائیکی اجرک پہنائی اور اپنی کتاب میری دھرتی میرے لوگ پیش کی۔

گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن کو گورنر ہائوس لاہور میں سرائیکی رہنما ظہور دھریجہ سرائیکی اجراک پہنانے کے بعد اپنی کتاب میری دھرتی میرے لوگ پیش کر رہے ہیں۔

مکمل پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button