نشتر ہسپتال میں لاوارث لاشوں کے حوالے سے آواز بلند کرنے پر نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں،لاشوں کی بیحرمتی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ احسن نصیر غوری

ملتان (سوسائٹی نیوز)
مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کے ضلعی صدر احسن نصیر غوری نے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کی بے حرمتی کی آواز بلند کرنے پر نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے لاشوں کی بے حرمتی کے مرتکب ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کے لیے سختی سے اقدامات کیے جائیں۔ پولیٹیکل اسسٹنٹ وزیر اعلی پنجاب چوہدری طارق زمان گجر نے سختی کے ساتھ سرد خانے کی چھت پر تالے کھلوائے اور مذکورہ واقعہ کا سخت نوٹس لینے پر وزیر اعلی پنجاب اور وزیر صحت کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دئیے جانے پر شکر گزار ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیااس موقع پر جاوید قریشی ،جبار بھٹی،جہانگیر بدر،چوہدری رمضان ،مرزا شکیل،ملک شاہد،چوہدری یسین بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نشتر واقعہ پر سختی سے نوٹس لے لیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے انکوائری کمیٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ نشتر معاملہ کی شفاف انکوائری کرے اور بطور عوامی نمائندہ مجھے انکوائری کے وقت بلایا جائے میں نشتر ہسپتال کی چھت پر پھینکی جانے والی لاوارث لاشوں کا عینی شاہد ہوں جہاں پر سینکڑوں لاوارث لاشیں کمروں میں پڑی ہوئی ہیں جن کی بے حرمتی کا نہ جانے کب سے سلسلہ جاری ہے ایک پاکستانی شہری اور مسلمان ہونے کے ناطے اپنا فرض ادا کر رہا ہوں کوئی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں غریب مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی ،مہنگے ٹیسٹوں سمیت دیگر مسائل کے حل کے سلسلے میں بھی صوبائی حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو ۔