میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کرنے سے ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی

ملک و قوم کی خاطر شہید ہونیوالوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پوری قوم یوم تکریم شہداء منا رہی ہے،
آج میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کی سخت ضرورت ہے تاکہ ملک کو سیاسی و معاشی بحران سے نکال سکیں۔
خواجہ جلال الدین رومی
ملتان(سوسائٹی نیوز)
ملک و قوم شہداء کے خون کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے، لاکھوں زندگیوں کی قربانیوں کے بعد قوم کو آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہوا تھا اس کو قائم و دائم رکھنے کے لئے گزشتہ 75 برسوں سے لاتعداد شہداء اپنی جانوں کو قربان کر چکے ہیں۔
شہداء وطن ملک کے چپے چپے کی حفاظت کا عزم کرتے ہیں اور اس کے لیے اپنی زندگی کو قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔
انہی کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پوری قوم یوم تکریم شہداء اس لئے منا رہی ہے کہ کسی بھی ملک کی مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق نگران صوبائی وزیر صنعت و صدر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان و ڈیرہ غازی خان خواجہ جلال الدین رومی نے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔
انھوں نے کہا ملکی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنے شہداء کی قربانیوں کی قدر کی ہے کہ ہمارے شہداء نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر ہمیں سر بلند رکھا ہے،
اسی طرح ہمارے غازیوں کی خدمات ہمارا بہترین اثاثہ ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہم ہر وقت شہداء کے لواحقین کو نہ صرف یاد رکھتے ہیں بلکہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اعلی قیادت سے لے کر عام سپاہی تک کے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پاک فوج کے اداروں اور یادگاروں کو جس طرح نقصان پہنچایا گیا ،اس سے ہر محب وطن کا دل دکھی ہے، اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم پاکستان کی بقاء و سلامتی کے لیے اپنے سیاسی اختلافات ختم کریں اور وطن عزیز کو درست سمت کی طرف گامزن کرنے کے لیے پاک فوج کے ہاتھ مضبوط کریں۔
خواجہ جلال الدین رومی نے مزید کہا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ سب مل پہلے میثاق جمہوریت کریں اور اس کے بعد میثاق معیشت کریں، ذاتی انا ختم کریں اور معاشی بحران کے خاتمے کیلئے سر جوڑیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت پوری دنیا معاشی سرگرمیاں کساد بازاری کا شکار ہیں۔لیکن ہماراملک اس وقت سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے، جو ترقی پذیر ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔
اسی لیے میری تجویز ہے کہ سیاسی، سماجی ،معاشی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ادارے اور افراد ملکی بہتری کے لیے یک نکاتی ایجنڈا پر متفق ہو جائیں کہ ہمیں مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اپنے سیاسی اختلافات کو بھلانا ہو گا، تاکہ ہماری قابل قوم بہتری کی طرف آ سکے۔
خواجہ جلال الدین رومی نے کہا پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ یہ قوم متحد ہو کر ہمشیہ بحرانوں سے نکل آتی ہے تو اس کے لئے یہ قوم پہلے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو تو دوسری جانب ملکی تعمیر و ترقی کے لیے ہر اقدام کی حمایت کرے، جس سے پاکستان پہلے سے زیادہ ترقی کرے۔
خواجہ جلال الدین رومی نے ملک کی خاطر قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی خاطر شہید ہونے والے ہمارا فخر اور مان ہیں، جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر ہمیں پوری دنیا میں قابل تکریم اقوام میں شامل کروا رکھا ہے ۔