عدالتی فیصلے نے ایک بار پھر عمران خان کو لاڈلا ڈیکلیئر کر دیا ہے۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ

ملتان ( سوسائٹی نیوز)
پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار صوبائی حلقہ217 این اے 156ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ نے ایک بار پھر عمران خان کو لاڈلا ڈکلئیر کر دیا ہے۔ قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں آنا چاہیے اور عوامی توقعات کے مطابق قانون کی روشنی میں انہیں سزائیں ملنی چاہیں۔ عمران خان آئے روز قومی اداروں پر وار کرتا ہے اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے لیکن محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان لاڈلا ہے اور اسے معاف کر دیا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی ملتان شہر کے سابق صدر رانا نیک محمد زاہد،سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی کلچرل ونگ جنوبی پنجاب میر احمد کامران مگسی،ریاض حسین بخاری اور عمران حسن بھٹہ کے ہمراہ پیپلز سیکرٹریٹ چوک شاہ عباس پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔ عدالتی فیصلوں کو تسلیم کرتی آئی ہے لیکن عمران خان علی الاعلان قومی اداروں اور شخصیات کو للکارتا ہے اور پھر وہ یوٹرن لے کر معافی مانگ لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے قبل سیاست بہتر تھی۔ ان کے آنے سے سیاست میں اخلاقیات کا جنازہ نکل چکا ہے۔ اسمبلی میں آ نے کی بات کرکے اب پھر یوٹرن لے لیا۔کبھی مذہب کا نام لے کر عوامی ہمدردی بٹورنے کی کوشش کرتا ہے۔
رانا نیک محمد زاہد،ریاض حسین بخاری اور میر احمد کامران مگسی نے کہا کہ عمران خان قومی اداروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ عوام میں مقبول ہیں تو وہ قانون سے بالاتر بھی نہیں۔ فارن فنڈنگ کیس،اور اب سائفر آدیو لیک میں بھی عمران خان ملوث ہیں۔ انکے خلاف کاروائی ناگزیر ہے اور قوم کی اس فتنہ خان سے جان چھڑائی جائے
پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار صوبائی حلقہ 217این اے 156ملک ارشد اقبال بھٹہ،رانا نیک محمد زاہد،ڈویژنل عہدیدراران احمد کامران مگسی،ریاض حسین بخاری اور عمران حسن بھٹہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں