حکومت سرائیکی وسیب کی نہروں میں فصل خریف کیلئے فوری پانی مہیا کرے۔ رانا فراز نون، عنایت اللہ مشرقی و دیگر رہنما

حکومت سرائیکی وسیب کی نہروں میں خریف کی فصل کی کاشت کیلئے فوری پانی مہیا کرے۔
رانا فراز نون،عنایت اللہ مشرقی و دیگر رہنما
ملتان(سوسائٹی نیوز)
سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا محمد فراز نون، مرکزی صدر عنایت اللہ مشرقی، عبدالستار تھہیم، عبدالباری جعفری اور ملک ظفر اقبال ہانس نے سرائیکی وسیب بالخصوص چولستان میں فصل خریف کی کاشت کیلئے نہری پانی کی بندش پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سرائیکی خطہ کے ساتھ نہری پانی کی تقسیم اور فراہمی پر ناانصافی کر رہی ہے۔
سرائیکی وسیب کی ارسا میں نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے پانی کے کوٹہ میں بیس فیصد کٹ لگا دیا ہے۔ جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں. انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے سرائیکی وسیب خاص طور پر چولستان کی نہروں میں فصل خریف کی کاشت کیلئے فوری پانی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور ڈیزل سے فصلوں کی کاشت کاشتکاروں کی برداشت اور سکت سے باہر ہو چکی ہے۔ دوسری طرف حکومت نے زرعی ٹیوب ویلز کے فلیٹ ریٹ اور سبسڈی ختم کر کے زراعت دشمنی کا بدترین مظاہرہ کیا ہے جو کہ ملکی زراعت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماوں نے مزید کہا کہ دریا ہمارے خطے میں بہنے کے باوجود نہری پانی کی فراہمی میں مسلسل ناانصافی کی بنیادی وجہ صوبہ سرائیکستان کا نہ ہونا ہے۔ اگر ہمارا علیحدہ صوبہ سرائیکستان قائم کر دیا جائے تو نہری پانی کی تقسیم کو دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر قانونی تحفظ مل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سرائیکی وسیب ایک زرعی خطہ ہے ملکی زرعی پیداواری ضرورت اور برآمدات کا دارومدار اسی خطہ پر ہے۔
حکومت فی الفور نوٹس لیتے ہوئے نہروں میں مطلوبہ پانی کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ ملک میں بڑھتے ہوئے زرعی اور معاشی بحران کا خاتمہ ہو سکے۔
سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا محمد فراز نون، مرکزی صدر عنایت اللہ مشرقی، عبدالستار تھہیم، عبدالباری جعفری اور ملک ظفر اقبال ہانس اظہار خیال کر رہے ہیں۔