حکومت سودی نظام کے مکمل خاتمے کیلئے پرائیویٹ بینکوں کی سپریم کورٹ میں اپیلیں واپس لینے کیلئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے۔ کرامت علی شیخ

ملتان ( سوسائٹی نیوز )
پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل وصدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ حکومت محض اعلان تک محدود نہ رہے بلکہ سودی نظام کے مکمل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنائے اور پرائیویٹ بنکوں سے بھی اپیلیں واپس کرنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔
پی ایس پی مفتی تقی عثمانی کی رہنمائی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خاتمہ سودی نظام کی کاوشوں کو سراہتی ہے جنہوں نے سودی نظام کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سودی نظام کے خاتمے کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا اور ملک کی بائیس کروڑ سے زائد غریب عوام کو سودی لعنت سے چھٹکارا حاصل ہوگا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پرائیویٹ کمرشل بینک بھی لیت و لعل کا مظاہرہ نہ کریں اور فوری طور پر فیصلے کے خلاف دائر درخواستیں واپس لیں۔