سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کا زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کا دورہ

ملتان(سوسائٹی نیوز)
سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے۔سیکرٹریٹ کے گراونڈ فلور کا گرے سٹرکچر مکمل لیا گیا ہے جبکہ فرسٹ اور سیکنڈ فلور پر کام جاری ہے۔ائر کنڈیشنڈنگ اور وائرنگ کے لئے ڈکٹنگ کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور آئی ڈیپ کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے زیر تعمیر بلڈنگ کے مختلف حصے دیکھے، اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے دفاتر ایک بلڈنگ میں قائم ہونے سے سے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا جبکہ سول سیکرٹریٹ کی عمارت کا ذیزائن تمام ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے سیکرٹریٹ کے بیرونی گیٹ کے ساتھ وسیع گرین بیلٹ قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کے کنسٹرکشن پلان پر سو فیصد عمل کیا جائے۔
آئی ڈیپ کے پراجیکٹ منیجر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 504 کنال رقبہ پر تعمیر ہونیوالے سول سیکرٹریٹ کے منصوبے پر3 ارب60 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔سرکاری افسران کی 6 رہائش گاہوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ ٹائم شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور اگست 2023 تک مکمل کرلیا جائے گا۔