محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنیوالے ان کی سوچ اور فلسفے کو ختم نہیں کر سکتے۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ

محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنیوالے ان کی سوچ اور فلسفے کو ختم نہیں کر سکتے،
تبدیلی کے نام پر ملک کو بدترین اقتصادی معاہدوں اور قرضوں میں جکڑ کر عوام کو بدحالی کا شکار کیا گیا ہے۔
ملک ارشد اقبال بھٹہ
ملتان ( سوسائٹی نیوز )
پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار این اے 150 و پی پی 217 ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ ستائیس دسمبر کے سیاہ دن محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنیوالے یہ بھول گئے کہ کسی کو جسمانی طور پر راستے سے ہٹا بھی دیا جائے تو آپ اس سوچ اور فلسفے کو ختم نہیں کر سکتے جو لوگوں کے دلوں میں پنپ چکا ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 15ویں برسی کے موقع پر پیپلزسیکرٹریٹ چوک شاہ عباس میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ اس ملک میں آئین اور سول بالا دستی کیلئے ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کی روشنی میں اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ملک کا انفرا سٹرکچر برباد کر کے رکھ دیا۔ تبدیلی کے نام پر ملک کو بد ترین اقتصادی معاہدوں اور قرضوں میں جکڑ کر رکھ دیا ہے۔ عوام بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں اور ایک مخصوص طبقہ دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹنے میں مصروف ہے۔آپ کو چاہیے کہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں تاکہ ملک ایک بار پھر اس طرح کے کسی حادثے کا شکار نہ ہو سکے۔