سانحہ کربلا پوری دنیا کے لیئے صبر و استقلال کی عظیم مثال ہے۔خواجہ جلال الدین رومی

سانحہ کربلا پوری دنیا کے لئے صبر واستقلال کی عظیم مثال ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی
ملتان(سوسائٹی نیوز)
شہادت امام حسین حقیقت میں انسانیت کی فتح اور اسلامی اصولوں کی سر بلندی ہے، یہ اسی قربانی کا ثمر ہے کہ ہماری تاریخ میں ایسے جانثار پیدا ہوتے رہے ہیں جنہوں نے ہمشیہ حق کی خاطر قربانیاں دی ہیں ان خیالات کا اظہار سابق نگران صوبائی وزیر صنعت و سابق صدر چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان و ڈیرہ غازی خان خواجہ جلال الدین رومی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
انھوں نے کہا کہ سانحہ کربلا پوری دنیا کے لئے صبر واستقلال کی عظیم مثال ہے ، یوم عاشور ہمارے لئے اس لئے اہمیت کا حامل ہے کہ تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت وبلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام علیہ السلام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی ۔
خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخستا ہے اور یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سر چشمہ ہے، جس کی مثال تاریخ انسانی میں مشکل سے ملتی ہے۔
خواجہ جلال الدین رومی نے مزید کہا آس وقت ملک کو اتحاد بین المسلمین کی اس لئے ضرورت ہے کہ امام عالی مقام کی شہادت کسی فرقہ یاگروہ کے لیے نہیں تھی بلکہ نانا کے دین کے لئے تھی سو ایسے میں قومی سلامتی اور استحکام پاکستان کےلیے ہم سب کو محرم الحرام کے دنوں میں اتحاد امت کی کاوشوں کو فروغ دینا ہوگا کہ اتحاد ، امن اور یکجہتی کا پیغام ہی یہی ہے کہ اپنا عقیدہ چھوڑو نہ اور کسی کے عقیدے کو چھیڑو نہ اور کسی قسم کی دل آزاری نہ ہو ۔ بلکہ اخوت، یگانگت، بھائی چارہ قائم رہے ، کہ باطل قوتوں سے ٹکرانے کا نام اُسوہ حسینؑ ہے، کہ کربلا والوں کے پیغام کی روشنی میں کشمیری جس انداز سےبھارتی سامراج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اس کے پس منظر میں بھی کربلا کے شہدا کی قربانیوں کا پیغام ہے کہ کشمیریوں نے جھکنے کی بجائے ڈٹ جانے کو زندگی سمجھ کر کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا ہے کہ جلد وہاں پر فتح ان کی ہو گی جو حق کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں