شادی سے انکار پر لڑکی پر ظالمانہ تشدد،بال کاٹے،جوتے چٹوائے،وڈیو وائرل ہونے پر ملزمان گرفتار

شادی سے انکار کرنے پر لڑکی پر ظالمانہ تشدد، بال کاٹے اور جوتے چاٹنے پر مجبور کیا،
وڈیو وائرل ہونے پر ملزمان گرفتار،مرکزی ملزم ضمانت پر رہا
فیصل آباد(سوسائٹی نیوز)
فیصل آباد پولیس کے مطابق ایک شخص نے کالج میں اپنی بیٹی سے جونیئر کلاس کی لڑکی کو شادی سے انکار پر اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔

بدھ کو سی پی او فیصل آباد عمر سعید نے بتایا کہ یہ واقعہ 9 اگست کو پیش آیا۔ جب شیخ دانش نامی ایک شخص نے خدیجہ نامی لڑکی کو اس کے گھر سے اغوا کیا اور اپنے گھر کے گیا۔
سی پی او کے مطابق ’تشدد کا نشانہ بننے والی خدیجہ ملزم شیخ دانش کی بیٹی کی دوست اور کالج میں جونیئر ہے۔ ان کے گھر آنا جانا بھی تھا۔ لڑکی کے بیان کے مطابق شیخ دانش نے اس کے ساتھ جنسی مراسم پیدا کرنے کی کوشش کی اور بعد ازاں شادی کا بھی جھانسہ دیا۔ لڑکی کے انکار پر ملزم نے اسے دھمکیاں دیں۔‘
پولیس نے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے بعد شیخ دانش اور ان کے ملازمین کو حراست میں لے کر عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔
سی پی او عمر سعید کے مطابق یہ پانچ سے سات لوگ خدیجہ کے گھر گئے اور اسے اسلحے کے زور پر اٹھا لائے اور اپنے گھر میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کی تذلیل کی جبکہ اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ اور اس میں شیخ دانش کی بیٹی انا اور بیوی ماہم ابھی تک مفرور ہیں جن کی آواز بھی ویڈیو میں سنی جاسکتی ہے
فیصل آباد میں میڈیکل کی طالبہ پر تشدد ثابت ہوگیا
میڈیکل کی طالبہ خدیجہ پر تشدد ثابت ہوگیا، خدیجہ کے جسم کے سات حصوں پرتشدد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیکل کی طالبہ پر تشدد اورویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔
میڈیکل رپورٹ میں طالبہ کے جسم کے سات حصوں پرتشدد کے نشانات کی تصدیق ہوگئی ہے۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ چہرے اور آنکھوں پر سوزش اورزخم ہیں جبکہ بازو اورہاتھوں پر ناخن کےنشانات ہیں اور زبردستی سر کے بال اور بھنویں کاٹی گئیں۔
دوسری جانب خدیجہ پر تشدد کرنے والی خاتون کو بھی گرفتارکرلیا گیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم شیخ دانش کو مقامی عدالت میں پیش کیا، عدالت نےملزم شیخ دانش کی پچاس ہزارکےمچلکے پرضمانت منظور کرتے ہوئے دانش کو اکتیس اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ضمانت منظوری کے بعد پولیس ملزم دانش کو فیصل آباد لے گئی۔